امت مسلمہ کی زبوں حالی کا واحد علاج رجوع الی القرآن:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ کی طرف سے جامع مسجدمسلم پیر سوپور میں ’’عظمت قرآن‘‘ پر نماز عصر سے لے کرنماز مغرب تک ایک اجتماع منعقد ہوا جس کی صدارت قائمقام چیرمین عبدالاحد پرہ نے کی۔ نشست میں مرکزی ذمہ داروں سجاد ایوبی، محمدفاروق غوطہ پوری کے علاوہ صدر ضلع بڈگام محمد رفیق رینہ اور مولوی رفیق کے ساتھ ساتھ تمام ضلعی اراکین نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت مظلومی و محکومی کا شکار ہے ،جس کا واحد علاج ’’رجوع الی القرآن‘‘ ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ ہم قرآن کی قیادت ورہنمائی میں ان تمام مصیبتوں کاقلع قمع کرنے کے لئے کمربستہ ہوجائیں ۔
تحریک المجاہدین کا اظہار تعزیت
مظفر آباد// تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے صوت الحق کے سربراہ اور جمعیت اہلحدیث کے سابق ناظم حفیظ الرحمان کی ہمشیرہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ حفیظ الرحمان کے خاندان نے تحریک آزادی اور تحریک سلفیت کے لئے خدمات پیش کیں اور ریاست میں قرآن و سنت کی تبلیغ کے لئے اہم کردار ادا کیا۔جمیل الرحمان نے مرحومہ کی جنت نشینی اورخاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ،صنف نازک بھی محفوظ نہیں: شمیمہ فردوس
نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کے اجلاس میں مخلوط سرکار ہدف تنقید
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت کو ہر محاذ پر ناکام ہوگئی ہے اور پی ڈی پی بھاجپا اتحاد نہ صرف عوام کے اُمیدوں پراترنے میںناکام ہوا ہے بلکہ دونوں جماعتیں یہاں کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے کی مرتکب بھی ہوئی ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر خواتین ونگ کے عہدیداران اور کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، صدرِ صوبہ خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری، صدرِ صوبہ یوتھ ونگ سلمان علی ساگراور ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمدنے بھی خطاب کیا۔ شمیمہ فردوس نے اپنے خطاب میں کہاکہ موجودہ پی ڈی پی حکومت نے کشمیری قوم پر جو مظالم ڈھائے اُس کی ماضی میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ4سال سے لگاتار جنازے اُٹھ رہے ہیں ، لوگ زخمی ، اپاہج اورنابینا ہورہے ہیںاور صنف نازک کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف گذشتہ ایک سال کے دوران ایک 6سالہ کمسن بچی سمیت 8خواتین گولیوں کی زد میں آکر اپنی جان گنوا بیٹھی ہیںاور بے شمار خواتین زخمی ہوئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ صوبہ کشمیر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری نے کہا کہ موجودہ حکومت انتظامی سطح پر سرے سے ہی ناکام ہوگئی ہے جس کا اندازہ رمضان المبارک میں بجلی ،پانی اور راشن کی نایابی سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک میں بھی حکومت کی طرف سے پانی ، بجلی اور راشن کی سپلائی میں کسی قسم کی معقولیت نہیں لائی گئی ہے۔
اسلامک یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کی جانب سے تربیتی پروگرام
سرینگر //اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کے شعبہ صحافت کی جانب سے ایک روزہ one day interactive sessionon Tactics and conventional Practices’کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام سٹیٹ پروجیکٹ کوارڈی نیٹر اور نوڈل افسر جموں وکشمیر سٹیٹ سپورٹ کونسل عمر وانی نے کیا تھا ۔وانی نے اس دوران پیشہ وارانہ ترکیب کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی جو عوامی مفاد کے حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو باخبر کریں کیونکہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی کا رجحان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنا پی آر بڑھانے کیلئے ایک سے زیادہ ٹولوں کا استعمال کر رہے ہیں جس میں سوشل میڈیا اور پرموشنل ویڈیو بھی شامل ہیں۔کھیل کود کے حوالے سے پوچھے گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے کے ایس ایس سی کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے قصبوں اور شہروں میں 200کلبوں کو تعاون کر رہا ہے ۔ تقریب کے دوران انسٹرکٹر آف پبلک رلیشن اینڈ کارپوریٹ کمونی کیشن مونسا قادری نے کہا "یہ پی آر طالب علموں کی تربیت کے لئے لیکچرز اور سرگرمیوں کی سیریز کا حصہ ہے، جو میدان میں موجودہ طرز عمل کے ساتھ اپنا کام انجام دے رہے ہیں اور اس لیکچر سے طلاب کی حوصلہ افضائی ہو گی ۔