۔35اے کے تحفظ پر زور
پونچھ//نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر اور او بی سی کے ضلع صدر رشید شاہ پوری نے دفعہ 35اے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کو حاصل خصوصیت کچھ لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہی اور انہوں نے اس کوختم کرنے کیلئے عدلیہ کاسہارالیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئین ہند کے35-Aاور دفعہ 370کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ریاست کی عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنا ہے جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گ۔انہوں نے کہا کہ اگر دفعہ35-Aکو تحفظ نہ دیا گیا تو ریاست کے حالات مزید خراب ہونگے اور پھر ان کو ٹھیک کرنا بڑا مشکل ہوگا۔انہوں نے مرکزی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ پورے ملک میں افرا تفری مچائے ہوئے ہے اور گائے کی حفاظت کے نام پرتو کبھی کسی دوسرے معاملے پر بے گناہ شہریوں کا قتل کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 35-Aہو یا کہ دفعہ370، یہ کسی ایک فرقہ کا معاملہ نہیںبلکہ یہ ریاستی عوام کے مستقبل کا سوال ہے اس لئے اس کے ساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔
تانترے کا سرحدی علاقے کھڑی کرماڑہ کادورہ
حسین محتشم
پونچھ//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے سرحدی علاقے کھڑی کرماڑہ کادورہ کرکے مقامی عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔اس دوران انہوں نے مقامی لوگوں کے کہنے پر مقامی مڈل اسکول کا دورہ کر کے جائزہ لیا ۔بعد از آں انہوں نے ایک عوامی اجلاس بھی منعقد کیا جہاں لوگوں نے انہیں اپنے مسائل سے روشنا س کروایا۔مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے تانترے نے کہاکہ وہ ان کے تمام مسائل حل کروانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پی ڈ ی پی کو مضبوط بنائیں اور یہی وہ جماعت ہے جو عوام تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے ان کے حقوق دلاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی نے تین سالہ حکومت کے دورانیہ میں کئی اہم کام کئے اور اس دوران پونچھ میں بھی ترقیاتی سطح پر نمایاں تبدیلیاں رونماہوئیں ۔
اے ڈی سی کوٹرنکہ کو اختیارات تفویض کرنیکا مطالبہ
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کے کانگریس کارکنان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کو ڈی ڈی او اختیارات نہ دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔کوٹرنکہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاک صدر راج محمد راتھر نے کہاکہ ابھی تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ڈ ی ڈی او اختیارات نہیں دیئے گئے جس کی وجہ سے کام کاج متاثر ہورہاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ سابق حکومت نے عوام کو بیوقوف بناتے ہوئے بغیر اختیارات کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کی منظوری دی ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر ڈی ڈی او اختیارات دیئے جائیں ۔انہوں نے الزام لگایاکہ پنچایت حلقہ دراج میں جعلی فہرستیں مرتب کرکے راشن ڈیلر اضافی غذائی اجناس لے رہے ہیں جس کی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ اس موقعہ پر جنرل سیکریٹری شفیق راز ، اقبال ڈار ، رشید راتھروغیرہ بھی موجو دتھے ۔
ڈگری کالج بدھل کا تعمیری کام تعطل کاشکار
بدھل //گورنمنٹ ڈگری کالج بدھل کی عمارت تعطل کاشکار ہے اور تعمیری کام انتہائی سست روی سے چل رہاہے ۔کالج کے طلباء نے بتایاکہ انہیں سخت مشکلات کاسامناہے اور عمارت کی تعمیر پایہ تکمیل کو ہی نہیں پہنچ رہی ۔ بی اے سیکنڈ ایئر کے طالبعلم سجاد ملک کی قیادت میں طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اس عمارت کا سنگ بنیاد سابق حکومت کے وزیر تعلیم محمدا کبر لون نے کئی سال قبل رکھاتھا اور تب کہاگیاتھاکہ 2016تک عمارت مکمل ہوجائے گی تاہم پانچ سال میں ایک کمرہ بھی تیار نہیں کیاجاسکا جس سے کام کی رفتارکا پتہ چلتاہے ۔انہوں نے کہاکہ کام کی موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتاہے کہ ابھی اس کا م کو مکمل ہونے میں بیس سال کاعرصہ لگے گا۔ سجاد ملک نے کہاکہ ہائراسکینڈری سکول بدھل کے چار کمروں میں کالج کے چار سو سے زائد طلبابیٹھتے ہیں جن کو سخت مشکلات کاسامناہے۔ مقامی کانگریس کارکن بشارت راتھر کاکہناہے کہ ایک طرف محکمہ تعمیرات عامہ سست روی سے کام کررہاہے اور دوسری طرف ہائرایجوکیشن محکمہ غیر سنجیدگی برت رہاہے جس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل دائو پرلگاہواہے ۔
’گاندھیائی اصول اور موجودہ دور میں ان کی مطابقت ‘پر پروگرام
راجوری //گورنمنٹ ڈگری کالج راجوری میں ’گاندھیائی اصول اور موجودہ دور میں ان کی مطابقت ‘پر ہفتہ وار پروگرام کے تحت کوئز مقابلہ اور توسیعی خطبے کا اہتما م کیاگیا۔اس دوران طلباء کی چار ٹیمیں تشکیل دی گئیں جس میں اے ٹیم نے پہلی پوزیشن جبکہ بی اور سی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔کوئز مقابلے کے بعد ڈاکٹر اشفاق ملک کی طرف سے مہاتماگاندھی اور اقوام متحدہ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گول پر پاور پریزینٹیشن کے ذریعہ روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ گاندھیائی اصول عدم تشدد پر مبنی ہیں ۔اس موقعہ پر پروفیسر بشیر احمد ، پروفیسر سلیم وانی ، پروفیسر عبدالکلام ، پروفیسر عبدالحق ، پروفیسر شاذر ، پروفیسر اسرار ، پروفیسر نوین شرما، پروفیسر گوہر، ڈاکٹر سجار اور پروفیسر رمیش چندر بھی موجو دتھے ۔
جڑان والی گلی میں فوج اور عوام کا اجلاس
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے جڑانولی گلی علاقے میں فوج اور مقامی لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران بھائی چارے پر زورے دیاگیا۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کو فوج کے رول کے بارے میں بیدار کیاگیا اور ساتھ ہی فلاحی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ۔اجلاس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔ اس موقعہ پر بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے مقررین نے کہاکہ فوج اور عوام کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جائے۔
کار حادثے میں ایک شخص لقمہ اجل
پرویز خان
منجاکوٹ //جموں پونچھ شاہراہ پر دیری ریلیوٹ کے مقام پر ایک کار حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص لقمہ اجل بن گیا۔کار زیر نمبر JK12-6672راجوری سے پونچھ کی طرف جارہی تھی جو شام ساڑھے چار بجے دیری ریلیوٹ کے نزدیک حادثے کاشکار ہوکر نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں عظیم شاہ ولد عیسیٰ شاہ ساکن کنوئیاں پونچھ کی موت ہوگئی ۔اگرچہ اسے فوری طور پر پی ایچ سی منجاکوٹ منتقل کیاگیاتاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دیا۔وہیں پولیس نے قانونی لوازمات ادا کرکے نعش ورثاء کے حوالے کردی ۔
مرکزی حکومت ہوش کے ناخن لے :ڈار
طارق شال
تھنہ منڈی //پی ڈی پی کے سینئر لیڈر و ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ شاہدرہ شریف عبدالقیوم ڈار نے مرکز ی حکومت کو مشورہ دیاہے کہ وہ حساس معاملات کو چھیڑ کرریاست میں ماحول خراب کرنے سے اجتناب کرے ۔ ڈار نے تھنہ منڈی کے اقبال چوک میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے لوگ امن پسند ہیں اور وہ عزت نفس چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے مرکزی سرکار گھنائونی حرکتیں کرکے یہاں کے امن ماحول کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ہوش کے ناخن لے اور دفعہ 370اور 35اے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔ڈار نے کہاکہ اس معاملے پر ریاست کے لوگوں کو اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرناچاہئے اور جس طرح سے انہوں نے گزشتہ دنوں اپنے موقف کا اظہار کیا اسی طرح سے آئندہ بھی متحد ہوکر ریاست کے خصوصی تشخص کو مٹانے والوں کے خلاف لڑا جائے ۔ اس موقعہ پر سماجی کارکن نذیر احمد گنائی ، محمد اقبال رینہ ، مشتاق احمد وانی ، شوکت احمد شال ، مفتی نصیر ، زبیر احمد شاہ اور قاضی نیاز احمد بھی موجو دتھے ۔
پندرہ اگست انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
عشرت حسین بٹ
منڈی //یوم آزادی کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے تحصیل کمپلیکس منڈی میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں تحصیل افسران کے علاوہ پولیس ، فوج اور بی ایس ایف افسران و سیول سوسائٹی ارکان نے بھی شمولیت کی ۔ میٹنگ کی صدارت نائب تحصیلدار منڈی سید عابد حسین صفوی کررہے تھے جنہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے تمام تر انتظامات کاجائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات کو بحسن خوبی انجام دینے کیلئے تمام تر کوششیں کریں ۔ انہوں نے اس حوالے سے افسران کو ذمہ داریاں بھی تفویض کیں ۔ بیوپار منڈل کے صدر شمیم احمد گنائی نے کہاکہ یوم آزادی کیلئے انتظامات کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور مقامی لوگوں کی طرف سے تعاون دیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کے بعد بڈھا امرناتھ یاترا بھی شروع ہورہی ہے جس میں بھی بھرپور تعاون دیاجائے گا۔
نوشہرہ میں آدھا رکارڈ بنانے کا سلسلہ کئی ماہ سے بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ میں آدھار کارڈ نہ بننے پر مقامی لوگوں میں غم وغصہ پایاجارہاہے اور انہوں نے متعلقہ حکام کے خلاف احتجاج کرنے کا انتباہ دیاہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوشہرہ میں آدھار کارڈ بنانے کا سلسلہ گزشتہ نومبر سے بند ہے اور ان لوگوں کو مشکلات کاسامناہے جن کے کارڈ نہیں بن پارہے ۔ ایسے کئی لوگوں نے کہاکہ ان کے آدھار کارڈ نہیں بنائے جارہے ہیں جبکہ یہ کارڈ کئی جگہوں پر ضرورت پڑتاہے ۔ اس سلسلے میں دبڑ گائوں میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اوم پرکاش ، تلک راج ، محمد زبیر ، محمد قاسم ،محمد دین اور شبیر احمد وغیرہ بھی موجود تھے جنہوں نے انتباہ دیاکہ اگر سات روز کے اندراندر آدھار کارڈ بنانے کا سلسلہ شروع نہ ہواتو وہ احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر اتریں گے ۔
گلہوتہ کے لوگ برہم
بٹھنڈی واقعہ کی تحقیقات کروانے کی مانگ
مینڈھر//مینڈھر گلہوتہ کے لوگوں نے بٹھنڈی واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک نوجوان کو دن دہاڑے قتل کردیاگیا لیکن ابھی تک پولیس نے کیس تک درج نہیں کیاجس سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ یہ واقعہ ایک سازش سے انجام پایاہے ۔ بٹھنڈی واقعہ میں مارے گئے نوجوان کا تعلق بھی اسی علاقے تھا جہاں کے لوگوں نے افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ اس قتل کا پردہ چاک کیاجائے اور فوری طور پر تحقیقات کروائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو بغیر رد و بدل کئے عوام کے سامنے لایاجائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے ۔ انہوںنے کہاکہ پولیس کی طرف سے ابھی تک کیس درج نہ کرنا شکوک وشبہات کھڑے کرتاہے اور اس سے انصاف کی فراہمی کے عمل میں رکاوٹیں کھڑی ہورہی ہیں ۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ اگر متاثرہ کنبے کو انصاف نہ ملاتو اس کے خلاف احتجاج کیاجائے گا۔
راجوری ہسپتال کے ڈائیلیسز یونٹ کا افتتاح
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے ضلع ہسپتال کے ڈائیلیسز یونٹ کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر سی پی او اے ایچ چوہدری ، سی ایم او ڈاکٹر سریش گپتا ، ایم ڈی محمود بجاڑ ، ڈپٹی جی ایم جے کے پی سی سی شفقت میر و دیگر ان بھی موجو دتھے۔یہ یونٹ چار مشینوں ،آر او ، واٹر پلانٹ وغیرہ سے لیس ہے جس سے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت ملے گی ۔اس یونٹ کے کام کرنے سے گردے کی تکلیف سے دوچار مریضوں کو مفت میں تشخیص کی سہولت فراہم ہوگی جنہیں نجی کلینکوں میں یہی تشخیص ڈھائی ہزار سے چار ہزار روپے میں کرواناپڑتی ہے۔ اس یونٹ کے نہ ہونے کی وجہ سے راجوری پونچھ کے لوگوں کو جموں کا رخ کرناپڑتاتھا تاہم اب اس کی تنصیب سے دونوں اضلاع کے مریضوں کو راحت ملے گی ۔
گھر سے بھاگ جانیوالا بچہ بازیاب
راجوری //سیول ڈیفنس راجوری نے آٹھ سال کے ایک بچے کو بس اڈہ راجوری سے بازیاب کروالیاجو گھریلو پریشانی کے سبب گھر سے بھاگ گیاتھا۔سیول ڈیفنس کے مطابق ایک چھوٹے بچے کو پرانے بس اڈہ پر اجنبی کی طرح گھومتے ہوئے دیکھاگیا جس نے دریافت کرنے پر بتایاکہ وہ نوشہرہ کے راجل گائوں کارہنے والاہے اورکسی گھریلو معاملہ پر گھر سے بھاگ کے آیاہے ۔اس لڑکے کو وہاں سے پولیس کی تحویل میں دیاگیا جس کی کونسلنگ کرنے کے بعد اسے گھر والوںکے حوالے کیاجائے گا۔
آزادی کی حمایت میں نعرے بازی
پولیس کیس درج ، متعدد کی شناخت کرلی گئی
سمت بھارگو
راجوری //پونچھ پولیس نے دفعہ 35اے پر ریاست گیر ہڑتال کے روز آزادی کی حمایت میں نعرے لگانے والے طلباء کے خلاف کیس درج کرکے ان میں سے بیشتر کی شناخت کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ پیر کے روز گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول بھاٹہ دھوڑیاں مینڈھر کے طلباء نے جموں پونچھ شاہراہ پر احتجاج کیا اور اس دوران آزادی کے حق میں نعرے بازی کی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ گورسائی میں ایف آئی آرزیر نمبر55/2018کاکیس درج کرکے اس معاملے میں ملوثین کی شناخت کرلی ہے اور پولیس کے مطابق ان میں سے کچھ سکول کے طلاب اور کچھ باہر سے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ پولیس کی طرف سے سکولی عملے کے رول کی تحقیقات بھی کی جارہی ہے ۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ اس حوالے سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے اورقانونی کارروائی کی جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر پونچھ نے خسرہ ویکسین مہم کاجائزہ لیا
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو جو ضلع ہیلتھ سوسائٹی کے چیئرمین بھی ہیں ، نے ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خسرہ روبیلا ویکسین کے سلسلے میں شرو ع کی جانے والی مہم کاجائزہ لیا ۔میٹنگ میں سی ایم او ڈاکٹر ممتاز بھٹی ، ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر شمیم النساء ، ڈاکٹر اروند ، فوج کے نمائندگان اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔میٹنگ میں بتایاگیاکہ یہ مہم یکم سے تیس ستمبر تک چلائی جائے گی جس کے تحت 1.8لاکھ بچوں کا احاطہ کیاجائے گا۔ مہم کے پہلے مرحلے میں سکولوں میں بچوں کو یہ ویکسین دی جائے گی ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے سیول سوسائٹی ارکان پر زور دیاکہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعاو ن دیں ۔انہوں نے کہاکہ مہم کے تحت تمام بچوں کا احاطہ کیاجاناچاہئے ۔