عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کل قانون ساز اسمبلی میں کارکنوں کے روزگار اور سروس کی شرائط سے متعلق ایک بِل پیش کی۔اُنہوںنے کہا، ’’میں ایک بِل پیش کرنے کے لئے کھڑا ہوا ہوں تاکہ ُدکانوں اور اِداروں میں کارکنوں کے روزگار کے ضابطے اور دیگر سروس شرائط سے متعلق قوانین میں ترمیم اور ان کو مستحکم کیا جا سکے (2025کی قانون ساز اسمبلی بل نمبر 6 )۔ یہ بل پہلے ہی سرکاری گزٹ کے خصوصی شمارے میں شائع کیا جا چکا ہے۔‘‘اس دوران وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے کل قانون ساز اسمبلی میں ایک بِل پیش کیا جس کا مقصد جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 (1989 کا ایکٹ نمبر IX) میں ترمیم کرنا ہے۔اُنہوںنے کہا، ’’میں جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 ( 1989کاایکٹ نمبر IX ) (2025 کا قانون ساز بل نمبر 5) متعارف کرنے کے لئے تیار ہوں۔ یہ بِل پہلے ہی سرکاری گزٹ کے خصوصی شمارے میں شائع کیا جا چکا ہے۔‘‘وزیرجاوید ڈار جن کے پاس محکمہ کوآپریٹیو کا قلمدان بھی ہے، نے ’جموں و کشمیر کوآپریٹیو سوسائٹیز ایکٹ 1989 (1989کاایکٹ نمبر XVII ) میں ترمیم کے لئے بِل (2025کی قانون ساز اسمبلی بل نمبر 7 )‘ بھی پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ بِل بھی سرکاری گزٹ کے خصوصی شمارے میں پہلے ہی شائع کیا جا چکا ہے۔