سرینگر//سرحدوں پرجنگ بندی کا مشورہ دیتے ہوئے لوک جن شکتی پارٹی کے قومی یوتھ صدر سنجے صراف نے کہا کہ بندوق نہیں بلکہ افہام و تفہیم اور گفت و شنید سے ہی تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سنجے صراف نے کہا کہ میز پر ہی تمام مسائل کا حل ہوتا ہے اورفریقین کو تشدد کا خاتمہ کرنے کیلئے اس پہل کا حصہ بننا چاہے۔ مذاکراتی عمل کو تمام مسائل کا حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایل جے پی ہمیشہ فریقین سے بات چیت کی وکالت کرتی آئی ہے اور مرکزی حکومت نے جو اقدام کیا ہے وہ خوش آئند ہے۔انہوں نے براہ راست مزاحمتی لیڈرشپ کے ساتھ بات چیت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بیروکریٹوں اور سرکاری افسران کے بجائے سیاست دانوں سے بات چیت کی جانی چاہے۔انہوں نے کہا”بیروکریٹ دماغ سے جبکہ سیاستدان دل سے بات کرتے ہیں“۔حریت (گ) اور تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی کو ایک بزرگ اور سلجھا ہوا لیڈر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کسی بھی ایجنسی کا نام لئے بغیر کہا” گیلانی عام لیڈر نہیں،بلکہ ایک منجھا ہوا سیاست دان ہے ،وہ کس طرح کسی بیروکریٹ سے بات کرتے“تاہم صراف نے کہا کہ مرکزی سرکار کی طرف سے جو پہل شروع کی گئی ہے اس پر زمینی سطح پر کام کر کے آگے بڑھانا چاہئے۔