سرینگر//معروف مزاحمتی لیڈر ڈاکٹر عبد الاعلیٰ ساکن چھانہ پورہ شوپیان مختصر علالت کے بعدمظفرآباد میں انتقال کرگئے ہیں۔انہیں گذشتہ ہفتے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ)میں داخل کیا گیا تھا ،جہاں وہ منگل کی صبح داعیٔ اجل کو لبیک کہہ گئے ۔اُن کی نماز جنازہ دن کے اڈھائی بجے یونیورسٹی کالج گرائونڈمظفرآباد میں ادا کی گئی،جس میں عام لوگوں کے علاوہ سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ سیاسی ،سماجی ،عسکری اور دینی شخصیات نے ایک بہت بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں پاکستانی زیرانتظام کشمیر میں مقیم حریت سے وابستہ لیڈروں حسن البناء، محمود ساگر، سلیم ہارون، اعجاز احمد ،فیض نقشبندی ، غلام محمد صفی ،منظور الاسلام اور محمد الطاف بٹ وغیرہ نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقعہ پر موجود لیڈروں نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور انکی تحریکی خدمات کو یاد کیا۔ موصوف کو70کی دہائی میں الفتح کے ممبر ہونے کی بناء پر کئی بار قیدوبند کی صعوبتوں سے گزرنا پڑا اور سرکاری نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑااوربالآخر1990 کی ابتداء میں ہی موصوف اپنے اہل خانہ سمیت مظفر آبادہجرت کرگئے، جہاں انہوں نے مہاجرین کیلئے مخصوص ہسپتال میں رضاکارانہ طور کئی برس تک خدمات بھی انجام دیں۔ مرحوم نے افریقہ کے ساتھ ساتھ کئی ممالک کا دورہ کرکے اہل کشمیر کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کی کوشش کی۔مرحوم ایک قابل ڈاکٹر ہونے کے علاوہ نہایت ہی شریف،سنجیدہ ، مخلص ،اعلیٰ اخلاق وکردار کے مالک اور پیدائشی حریت پسند انسان تھے جو نمودونمائش کے کبھی قائل نہیں تھے۔ادھر موصوف کے انتقال پر حریت (ع)،لبریشن فرنٹ،فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ، پیپلز پولیٹکل فرنٹ ،پیپلز لیگ دھڑوں،سالویشن مومنٹ ، اسلامک پولٹیکل پارٹی،ووئس آف وکٹمز اور پیروان ولایت نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم تحریک آزادی کے انتہائی سنجیدہ اور مخلص رہنما تھے۔ حریت (ع) نے رواں تحریک آزادی کے سرکردہ رہنما ڈاکٹر عبدالاعلیٰ کے انتقال پُرملال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تحریک مزاحمت کے تئیں ان کی خدمات اور قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا۔حریت ترجمان نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی ایک عظیم نصب العین کے حصول کیلئے وقف کی تھی اور اس راہ میں ان کو شدید قسم کے مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان نے حریت چیئرمین میرواعظ مولوی محمدعمر فاروق سمیت جملہ حریت قیادت کی جانب سے مرحوم رہنما کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔لبریشن فرنٹ نے مرحوم کی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے زندگی بھر ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کا راستہ اختیا کیا اور اسی راہ عزیمت میں اپنی جان بھی لٹادی۔ پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک نے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے ان کے غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعائیں کیں ۔ فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ڈاکٹرعبدالاعلیٰ تحریک آ زادی کے عظیم اور مخلص رہنما تھے ۔انہوںنے مرحوم کے خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جنت نصیبی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کئی بار پابند سلاسل بھی رہے مگر وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہے ۔ نیشنل فرنٹ نے ڈاکٹر عبد الاعلیٰ کی رحلت پر دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایک بیان میںنیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا کہ مرحوم نے تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنے سیاسی مؤقف میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں لائی۔نعیم خان نے کہا کہ مرحوم نے الفتح تحریک میں کلیدی کردار ادا کرکے جس سفر کا آغاز کیا تھا وہ اُن کی موت پر ہی ختم ہوگیا۔ترجمان نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم لیڈر کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی۔ پیپلز پولیٹکل فرنٹ سرپرست فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ انہوںنے اس دکھ کے موقعہ پر مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت و جنت نشینی کے لئے دعا کی۔پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے چیئرمین شیخ محمد یعقوب اور سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میںسرکردہ مزاحمتی رہنما کی رحلت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان کے مطابق چیئرمین پیپلز لیگ شیخ محمد یعقوب اور زاہد اشرف نے موصوف کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ادھر پیپلز لیگ کے جنرل سیکریٹری غلام نبی درزی، صوبائی صدر شیخ ظہور احمد، نذیر احمد خان، بشیر مخدومی، حاجی قدوس، عبد الحمید الٰہی ، گوہر خان اور دیگر ضلعی صدور نے بھی ڈاکٹر اعلیٰ کی رحلت پر گہری دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری ،اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش ،ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان اور پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے ڈاکٹر عبدالاعلیٰ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو ان کی تحریک آزادی کشمیر کے تئیں بے شمار خدمات کیلئے خراج ِ عقیدت پیش کیاہے۔