سرینگر//حریت (ع)ترجمان ،لبریشن فرنٹ (آزر) جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی،پیپلز فریڈم لیگ جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان ، پیروان ولایت سیکریٹری جنرل آغا سید یعصوب، اسلامک پولٹیکل پارٹی سربراہ محمد یوسف نقاش نے سوپور میں فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران مارے گئے اعجاز احمد میر اور بشارت احمد شیخ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حریت (ع) ترجمان نے کہا کہ ایک عظیم نصب العین کے لئے دی جارہی قربانیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ رواں تحریک مزاحمت کو ایک نئے جذبے سے سرشار کر رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کے بدولت یہاں کے عوام کی مبنی برحق جدوجہد اب ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور عالمی سطح پر دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کو برصغیر کے ساتھ ساتھ پورے جنوبی ایشیائی امن و استحکام کےلئے ناگزیر سمجھاجا رہا ہے۔ ترجمان نے لواحقین کے ساتھ حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق اور جملہ حریت قیادت کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ ادھر وجاہت بشیر قریشی نے کہا کہ وطن عزیز کے یہ بیٹے قوم و ملت کی سرخروئی کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔انھوں نے بشارت احمد شیخ اور اعجاز احمد میر کو عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان ایک عظیم مقصد کی آبیاری کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائگان نہیں جائیں گی۔محمد رمضان خان نے کہا کہ ایک جائز جدوجہد اور ایک عظیم مقصد کے تحت دی جارہی ان انمول قربانیوں کا اس کے سوا کوئی نعم البدل نہیں کہ ایک تو اپنے اللہ کے سامنے سرخ رو ہوکر ملاقات کریں گے اور کشمیر ضرور اور ضرور ایک دن آزادی کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھے گا۔ آغا سید یعصوب نے کہا کہ ’ہم ایسے نوجوانوں کی ہمت اور استقلال کو سلام پیش کرتے ہیں جو کشمیر کی تحریک آزادی پر اپنا قیمتی جان نچھاور کرتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی تحریک آزادی کچلنے کے لئےبھارتی ایجنسیاں کتنی بھی حربوں کو بروئے کار لائیں لیکن یہ تحریک کھبی رکنے کا نام تک نہیں لے سکتی ہے۔ محمد یوسف نقاش نے کہا کہ ریاست میں نہ تھمنے والی تشدد کی لہر کی خالص وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور جب تک اس تنازعے کو حل نہ کیا جائے، اس جنت بے نظیر میں قتل و غارت کا بازار گرم رہے گا۔