سرینگر// حریت(ع) ، سالویشن مومنٹ ،لبریشن فرنٹ(ح )،وائس آف وکٹمز، تحریک استحقامت اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے پنز گام کپوارہ میں ایک نہتے شہری غلام حسن بٹ کی فورسز کے ہاتھوں راست فائرنگ میں جاں بحق کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک جائز احتجاج کے جواب میں نہتے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ سراسر سرکاری دہشت گردی ہے۔ حریت(ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوںکا کوئی جمہوری اور اخلاقی جواز نہیں ہے اور فورسز جس طرح سے نہتے عوام کے خلاف طاقت کا استعمال کرکے بے گناہ کشمیریوں کو قتل کررہی ہے وہ اُن کی عوام کے تئیں شدید جارحیت کی عکاس ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ پر امن احتجاجی مظاہرین پر طاقت اور تشدد کا استعمال کشمیر میں فورسز کا روز کا معمول بن گیا ہے اور یہ بات حد درجہ افسوسناک ہے کہ فورسز کی جارحانہ کارروائیوں کی کہیں پر کوئی جواب دہی نہیں ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ یہاں کے عوام کو فوج اور فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،لبریشن فرنٹ(ح )چیئرمین جاوید احمد میر،ووئس آف وکٹمزکے ڈائریکٹرعبدالقدیر ڈار،کوارڈی نیٹرروف احمد خان ،سالویشن مومنٹ خواتین ونگ کی رقیہ باجی اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں پنز گام کے شہری غلام حسن بٹ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روز افزوںعام لوگوں کی قتل و غارت میں اضافہ باعث تشویش ہے۔تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے پنزگام کپوارہ میں ہوئی شہری ہلاکت پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔غلام نبی واڑ نے اس دوران کپوارہ میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوئے دو جنگجوﺅںکو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔