سرینگر//پیلٹ گن اور شلنگ سے زخمی ہوئے جوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جے کے ایل ایف کے چیرمین جاوید احمد میر اور سالویشن مومنٹ کے ایک وفدنے صدر ہسپتال سرینگر کا دورہ کیا اور کولگام میں زخمی ہوئے مفتی حاذق طارق،تنویر احمد ،عامر فیاض کی عیادت کی اور انکی صحت یابی کیلئے دعاء کی۔سالویشن مومنٹ کے چیرمین ظفر اکبر بٹ نے وادی کے طول و عرض میں جوانوں اور طلباء پر پیلٹ گن اور طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ان مذموم ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کی جدوجہد کو دبایا یا ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ترجمان نے ظفر اکبر کو نظر بند کرکے انکی دینی ،سماجی،سیاسی جدوجہد پر پابندی عائد کرنے اور انہیں جمع کی نماز پر روک لگانے کی زبردست الفاظ میں مذمت کی ۔ادھر جے کے ایل ایف کے چیرمین جاوید احمد میر اور ینگ مینز لیگ کے سربراہ امتیاز احمد ریشی نے کل مختلف اہسپتالوں میں جاکر جنوبی کشمیر میں زخمی ہوئے نوجوانوں طالب علموں دکانداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔جاوید میرنے فورسز کی طرف سے اسلام آباد ،پٹن ، کلگام میں عام شہریوں دکانداروں اور طالب علموں پر کئے گے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر اپنی آواز بلند کریں۔