سرینگر//تحریک مزاحمت،مسلم کانفرنس ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اور ینگ مینز لیگ نے الیکشن بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں کسی قسم کا تعاون یا ووٹ معصوم خون سے غداری کے مترادف ہے۔تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی نے اپنے بیان میں کہا ہے ’’وہ لوگ ہمارے نمائندے کیسے بن سکتے ہیں جن کے ہاتھ ہمارے معصوم بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ہمارے بچوں کی بینائی چھین لی اور پیلٹ اور پاوا گن استعمال کرنے کے لئے الٹی سیدھی تاویل کررہے ہیں‘‘ ۔انہوںنے کہا کہ جو لوگ ووٹوں کی بھیک مانگ رہے ہیں وہ بھارت کے خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں ۔بلال صدیقی نے عوام سے اپیل کی کہ’ ہمیں ان معصوموں کو یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے اپنا کل ہمارے مستقبل کے لئے قربان کیا‘ ۔ادھر مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمداحسن اونتو اور ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے بدھ کو بڈگام کے نارکرہ اور اومپورعلاقوں میں الیکشن بائیکاٹ مہم جاری رکھی۔موصولہ بیان کے مطابق اس دوران قائدین نے لوگوں میں الیکشن بائیکاٹ پوسٹر تقسیم کئے اور ان سے الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر قائدین نے عوام کوالیکشن کے اثرات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ قربانیوں کی حفاظت کریں اور کسی بھی تحریک دشمن سازش سے دور رہیں۔