سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی، پیپلز لیگ ، حریت (جے کے) اور پیپلز فریڈم لیگ نے غلام محمد بلا کی برسی پر اُنہیں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام محمد بلہ نے 11فروری1975کو سوپور چوک میں اندراعبداللہ ایکارڈ کی مخالفت میں ایک پر امن مظاہرے کی قیادت کی جس کے بعداُنہیں گرفتار کرکے جسمانی ٹارچر کا شکار بنایا گیا۔بیان کے مطابق اُنہیں زخمی حالت میں سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا اور یہاں بھی اُنہیں انتہائی بے دردی کے ساتھ نہ صرف مارا پیٹا گیابلکہ اس قدرمسلسل جسمانی اذیت پہنچائی گئی یہاں تک کہ وہ15فروری1975کو جاں بحق ہوگئے۔فریڈم پارٹی نے کہاکہ بُلا نے اپنی مختصر زندگی کے دوران اپنے سیاسی عقیدے کے ساتھ وابستگی کا عملی ثبوت فراہم کیا۔بیان کے مطابق غلام محمد بُلا نے نوجوانان کشمیر کے سینوں میں آزادی کی شمع روشن کی اور آنے والے وقت میں پھر نوجوانوں کی ایک پوری فوج تحریک آزادی کی عملی صف میں شامل ہوگئی۔ پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور حریت (جے کے)نے مرحوم کو شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیاہے ۔ لیگ کے مطابق آج یعنی 15فروری ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ پیپلز فریڈم لیگ چیئر مین محمد فاروق رحمانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام محمد بلہ کی ہلاکت وادی کشمیر کا پہلا حراستی قتل تھاجس نے اس وقت پورے کشمیر کو ہلا کے رکھ دیا ۔