سرینگر//حریت (ع)،لبریشن فرنٹ ،مسلم لیگ،مسلم خواتین مرکز ، ووئس آف وکٹمزاور مسلم پولٹیکل لیگ نے پدگام پورہ پلوامہ میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوں اور دو عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غمزدہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔حریت (ع) نے مزاحمتی تحریک کے تئیں مکمل وابستگی اور استقامت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے سلب شدہ جائز حق کے حصول کیلئے قربانیاں پیش کرتے آرہے ہیں اور ان قربانیوںکو اُسی صورت میں ثمر آور بنایا جاسکتا ہے جب پوری قوم ذہنی اور فکری یکسوئی کے ساتھ ان قربانیوں کے تئیں بھر پور وابستگی کا مظاہرہ کرے۔پدگام پورہ ،بانڈرپورہ اور کاکہ پورہ میں تعزیتی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے حریت (ع)لیڈر جاوید احمد میر اور جعفر کشمیری نے کہا کہ یہ قربانیاں رواں تحریک آزادی کا ایک انمول اثاثہ ہیں ۔انہوں نے جاں بحق ہوئے جوانوں کے لواحقین کے ساتھ حریت قیادت کی جانب سے بھر پور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے اور حکمران طبقہ جس طرح اس مسئلہ کو امن و قانون کا مسئلہ بناکر پیش کرتا ہے دراصل وہ اس طرح اس دیرینہ تنازعہ کی سیاسی اور تاریخی حیثیت کو بگاڑنے کا مذموم عمل ہے ۔حریت قائدین نے اس پورے علاقے میں سرکاری فورسز کے جبر و قہر ، نہتے مظاہرین کیخلاف پُر تشدد کارروائیوں اور پیلٹ گن کے بے تحاشہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربوں سے حریت پسند عوام کے حوصلوں کو شکست نہیں دی جاسکتی۔لبریشن فرنٹ کے ایک وفد نے پلوامہ جاکر وہاں حال ہی جاں بحق کئے گئے جوانوںکے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔وفد میں فرنٹ لیڈر ظہور احمد بٹ کے علاوہ ضلع صدر جاوید احمد بٹ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ظہور احمد بٹ نے جاں بحق ہوئے جوانوںکی قربانیوں کو سلام عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کیلئے بلند درجات کی دعا کی۔ مسلم لیگ کے امیر مشتاق الاسلام نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت کے ان بیٹوں کی قربانیوں کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔مشتاق الاسلام نے کہا کہ عوام جس ذوق و شوق سے اپنی مقدس تحریک کی اپنے خون اور آنسوئوں سے آبیاری کررہے ہیں اس کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے جس سیاسی سوجھ بوجھ اور سنجیدگی کی ضرورت ہے وہ فی الحال ناپید ہے۔ مسلم خواتین مرکزکے ایک وفد نے لواحقین کے ساتھ تعزیت پُرسی کی۔اس موقع پر یاسمین راجہ نے کہا کہ قوم کے یہ جوان فوجی قوت کو خاطر میں لائے بغیر بے سروسامانی کے باوجود اپنی دینی غیرت و حمیت کے ساتھ بہادری کی ایسی مثالیں رقم کررہے ہیں جس پر پوری ملت کو فخر حاصل ہے۔ ووئس آف وکٹمز کے ڈائریکٹر عبدالقدیر اور کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے کہا ہے کہ معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجوئوں کوجاں بحق کرنے کے بعدفورسز نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ کرکے یہ ثابت کردیا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے ۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔مسلم پولٹیکل لیگ چیئرمین فاروق احمد توحیدی نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی آزادی کے لئے یہ جوان سخت مشکلات کے باوجود اپنے لہو سے تحریک آزادی کا عنوان تحریر کررہے ہیں ۔