شاہد ٹاک
شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان کے دراچھ کیگام علاقے میں منگل کی شام مسلح تصادم آرائی کا آغاز ہوا۔ادھر کولگام میں سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ پھینکا گیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دراچھ گائوں میں کم سے کم 2 ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد 44آر آراور 14بٹالین سی آر پی ایف نے شام دیر گئے گائوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ سلامتی عملے کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اسکے بعدطرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ شرع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ادھر مر ہامہ کولگام میں شام کے وقت ملی ٹینٹوں نے اقلیتی فرقے کی حفاظت پر مامور 18بٹالین سی آر پی ایف کے بنکر پر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔اس موقعہ پر سی آر پی ایف نے ہوا میں چند فائر کئے۔