عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حکام نے بتایاکہ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے کے مضافاتی جنگلات میں پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ایک مشتبہ دہشت گرد ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اتوار کی دیرشام کو سرنکوٹ کے مرہوٹ علاقے میں سورن تھل میں فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ کی مشترکہ تلاشی کارروائی کے دوران اس ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔جہاں سے سیکورٹی اہلکاروںنے 5دیسی ساختہ بم (آدھے کلو سے 5کلو وزنی)،2وائرلیس سیٹ، یوریا کے5 پیکٹ، ایک5 لیٹر گیس سلنڈر، ایک دوربین، 3اونی ٹوپیاں، 3کمبل اور کچھ پتلون اور برتن برآمدکئے۔حکام نے بتایا کہ2 آئی ای ڈیز سٹیل کی بالٹیوں کے اندر نصب کی گئی تھیں، جبکہ 3دیگر ٹفن بکسوں میں پیک کیے گئے تھے۔سیکورٹی ماہرین کے مطابق، دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکورٹی اداروں کے درمیان بڑھتی ہم آہنگی کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اس معاملے میں تاحال کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ٹھکانہ کس مخصوص تنظیم سے منسلک تھا۔ تحقیقات جاری ہیں۔