عاصف بٹ
کشتواڑ//گزشتہ ہفتے 26اگست کوضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقہ مرگی واڑون میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں تقریباً 190مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 45مویشی ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے۔ ڈ پٹی کمشنر کشتواڑ پنج کمار شرما نے پانچ روز بعد مڑواہ اور واڑون کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا راشن فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کے ہمراہ سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس نریش سنگھ بھی موجود تھے۔ ریڈ کر اس کی جانب سے راشن اور دیگر امدادی سامان موقع پر ہی متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔ ڈی سی کے مطابق مرگی گاؤں میں سب سے زیادہ نقصان ریکار ڈ کیا گیا جہاں 224گھروں میں سے 50مکانات مکمل طور پر مہندم ہوئے جبکہ 130تا 140شدید متاثر ہوئے جبکہ باقی جزوی طور پر متاثر ہوے۔ انہوں نے ریونیو محکمے، ایس ڈی آر ایف اور دیگر اداروں کو ہدایت دی کہ ملبہ صاف کرنے کی کارروائی میں تیزی لائی جائے تاکہ متاثرہ دیہات کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف لایا جاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مڑواہ اور واڑون کے چھ سے سات مختلف مقامات پر بادل پھٹنے کے واقعات ہوئے جن سے سڑکیں اور پل بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کے نقصان کا تخمینہ لگا کر کسانوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ جل شکتی کو متاثرہ پائپ لائنوں کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم علاقے کا دورہ کرے گی تا کہ طویل مدتی حفاظتی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جاسکے۔