محمد تسکین +عاصف بٹ
مرگن ٹاپ ( اننت ناگ)+کشتواڑ // ضلع کشتواڑ کے خوبصورت علاقہ مڑواہ ۔ واڑون کو ضلع اننت ناگ سے جوڑنے والی سڑک مرگن ٹاپ کے آر پار برفباری کی وجہ سے بند ہوگئی اور ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی۔ واڑون کے اوپری علاقوں میں خانہ بدوش بکروالوں کے مال مویشیوں کے ہلاک ہونے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ مرگن ٹاپ سطح سمندر سے تقریباً 13 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور یہ سڑک مڑواہ اور واڑون کی دور افتادہ وادیوں کے ہزاروں لوگوں کیلئے واحد رابطہ سڑک کی حیثیت رکھتی ہے۔واڑون سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بالائی علاقوں میں ایک فٹ سے زائد تازہ برفباری ہوئی ہے اور واڑون کے بالائی علاقوں خاص کر سکھنائی اور مرگی میں خانہ بدوش کنبوں کے مال مویشیوں کی ہلاکت کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔سکھنائی گاؤں واڑون تحصیل کا آخری گاؤں ہے اور وہاں سے محمد امین نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مقامی لوگوں نے برفباری میں پھنسے متعدد خانہ بدوش خاندانوں کو بچا کر اپنے گھروں میں پناہ دی ہے تاہم شدید برفباری کے باعث مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں ۔ مال مویشیوں کے نقصان کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔اننت ناگ سے مرگن کے درمیان کئی درخت بھی اکھڑ گئے تھے، جنہیں بعد میں مسافروں نے خود ہٹا کر سڑک کو صاف کیا۔ادھرخراب موسمی صورتحال کے پیش نظر سنتھن ٹاپ میں پانچ انچ تک ہوئی تازہ برفباری کے نتیجے میں150سے زائد پھنسی مسافر گاڑیوں کو متعدد گھنٹوں کے بعد بحفاظت نکالاگیا۔ تفصیلات کے مطابق درماندہ گاڑیوں میں زیادہ تر طلباءسوار تھے جو امتحان دینے کیلئے کشمیر کی جانب رواں دواں تھے لیکن ناسازگار موسم کے باعث سنتھن ٹاپ پر ہورہی تازہ برف باری کی وجہ سے درماندہ ہو کر رہ گئے ۔خبر ملتے ہی پولیس فوج و نیشنل ہائی وے حکام نے دونوں اطراف سے مشینری کو کام پر لگایا اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد سبھی پھنسی گاڑیوں کو نکالاگیا جسکے بعد انھیں اپنی منزل کی طرف روانہ کیاگیا۔ وہیں میدانی علاقوں میں دن بھر موسلادھار بارشیں ہوتی رہیںجسکے سبب درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج کی گئی۔