عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ واڑون کو جوڑنے والے واحد سڑک رابطہ کے بند ہونے کے سبب مریض خاتون کو مقامی لوگوں نے مرگن کے برفیلے راستے چالیس کلومیٹر کاندھوں پر اٹھاکر کر ہسپتال منتقل کیا ۔تفصیلات کے مطابق واڑون علاقے کے ملواڑون گائوں سے تعلق رکھنے والی خاتون کو جب سنیچر کو درد کی شکایت ہوئی تواسے مقامی لوگوں نے مقامی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کرنے کو کہا۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مریض کو فوری طور بذریعہ ہوائی جہاز منتقل کرنے کو کہا لیکن انتظامیہ کی بے بسی کے بعد لوگوں نے ازخود اسے کاندھوں پر اٹھاکر ہسپتال منتقل کرنے کو ترجیح دی ۔ تیس سے زائد لوگوں نے خاتون کو کاندھوں پر اٹھاکر مرگن کے برفزدہ دشوار راستے سے اننت ناگ ہسپتال منتقل کیا ۔ خاتون مریض کے ساتھ لوگوں نے بتایاکہ یہ ہماری ستم ظریفی ہے کہ ابھی تک سڑک کو قابل آمدورفت نہیں بنایاگیا۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ دیگر سبھی سڑک رابطوں پر بر ف ہٹاکر انھیں قابل آمدورفت بنایاگیا لیکن مرگن سڑک کو ہنوز بند رکھا گیاہے اور پچاس ہزار آبادی کوپہاڑوں میں قید کردیاگیاہے۔انہوںنے انتظامیہ سے اپیل کی کہ مرگن سڑک کو جلدازجلد بحال کرد یاجائے اور ا س پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے تاکہ مریضوں کو مزید مشکلات سےدوچار نہ ہوناپڑے۔