محمد تسکین
بانہال // ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقہ وارون کے نچلے علاقوں میں اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے جبکہ برفباری کی وجہ واڑون اور مڑواہ کو جوڑنے والی واحد سڑک مرگن ٹاپ کے مقام بند ہوگئی اور واڑون اور مڑواہ راشن لیکر جا رہی کئی گاڑیاں مرگن ٹاپ پر برف میں پھنس کر درماندہ ہوگئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ واڑون کے انشن ، ڑوی درمن ، منگلی ، آفتی کے علاقوں میں دو سے چار انچ تک برف ریکارڈ کی گئی جبکہ واڑون کے اوپری علاقہ جات بشمول رکن واس ، بسمینہ اور مرگی کے علاقوں میں چار سے چھ انچ تک برفباری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واڑون اور مڑواہ کے لوگ ابھی زمینداری میں ہی مشغول تھے کہ وقت سے کچھ پہلے ہی برفباری نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر لیا کیونکہ ابھی بہت سارے کنبوں نے موسم سرما کیلئے راشن اور بالن وغیرہ کا ذخیرہ نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واڑون کے پرائمری ہیلتھ سینٹر انشن اور آفتی کے علاقے میں کوئی بھی ڈاکٹر موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے اور حاملہ خواتین کو پہلے ہی وادی کشمیر پہنچانا ناگزیر بن گیا ہے ۔