لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ دیہی ترقی کے زیر اہتمام ’سوچھتا وِجے اُتسو‘ میں شرکت کی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نےجموں میں ’سیوا پَرو‘ کے تحت محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے زیر اہتمام منعقدہ ’سوچھتا وِجے اُتسو‘میں شرکت کی اور خطاب کیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شہری اور دیہی تفاوت دور کرنے اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جموں و کشمیر سے سچی وابستگی کا ثبوت گزشتہ 5 سے 6 برسوں کی کارکردگی میں دیکھا جا سکتا ہے۔اُنہوںنے عوامی صحت و بہبود کے فروغ اور صحت مند و خوشحال دیہات کے قیام کے لئے صفائی مہمات کی اہمیت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’تعلیم، سماجی بہبود، دیہی و شہری ترقی اور صحت جیسے شعبہ جات میں اقدامات ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کی تعمیر کے لئے ناگزیر ہیں۔ ہمیں چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دیہی جموں و کشمیر کو خوشحال بنانے کے اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔‘‘اُنہوں نے دیہی جموں و کشمیر کے لئے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بیداری پیداکرنے کی ایک خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔منوج سِنہا نے کہا، ’’سیوا پَرو کو الگ مہم کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ اسے طرزِ زِندگی کا حصہ بنایا جائے۔ ہمیں ایک متحد قومی شناخت قائم کرنے کی سمت قدم بڑھانا ہوگا تاکہ ہر ایک کی فلاح و خوشحالی یقینی بنائی جا سکے۔‘‘اُنہوںنے متعلقہ حکام کو آبی ذخائر پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اَپنی مقامی قدرتی وسائل پر ہونے والی تجاوزات کی اطلاع حکام کو دیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب مل کر ایک مضبوط اور محفوظ مستقبل کی تعمیر کریں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف مقامات پر ’گوبردھن‘ بائیوگیس پلانٹوں اور فیکل سلج ٹریٹمنٹ پلانٹوں (ایف ایس ٹی پیز) کا سنگ بنیاد رکھا جو صفائی بھارت مشن (دیہی) کے تحت قائم کئے جائیں گے۔اُنہوں نے صفائی متروں سے بات چیت کی اور صفائی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد (سوچھتا گرہیوں) کو اعزاز سے نوازا۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے 2025 کی امرناتھ یاترا پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی جاری کی جس میں بہترین صفائی کے طریقۂ کار کو اُجاگر کیا گیا۔اِس موقعہ پر ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما،چیئرمین ڈی ڈی سی جموں بھرت بھوشن، اراکین اسمبلی یُدھویر سیٹھی، وِکرم رندھاوا، اَروند گپتا، سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج محمد اعجاز، ڈی آئی جی جموں۔سانبہ۔کٹھوعہ رینج شیو کمار شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن انو ملہوترا، سینئر اَفسران، سوچھتا گرہی، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے اَفراد موجود تھے۔
کانگریس وفد سے ملاقات ،ریلیف و تعمیر نو پیکیج کی درخواست
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر لیڈروںکے ایک وفد نے ورکنگ پریذیڈنٹ اور سابق وزیر رمن بھلا کی قیادت میں آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔وفد کے اَرکان نے حالیہ آفاتِ سماوی سے متاثرہ کنبوں اور کسانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے ایک میمورنڈم پیش کیا جس میںمرکزی حکومت سے جامع ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے پیکیج کی درخواست کی گئی۔ اُنہوں نے مزید درخواست کی کہ ماہرین کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی جائے جو لینڈ سلائیڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے ۔وفد نے جموں و کشمیر میں تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور بحالی، نیز اہم سڑک منصوبوں کی تکمیل پر بھی زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دِلایا کہ ملاقات کے دوران اُٹھائے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔