بانہال // مرکز شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ بانہال کی طرف سے دو روزہ اسلامی تربیتی پروگرام زیر نگرانی جمعیت اہل حدیث بانہال کا انعقاد کیا گیاجس میں ضلع رام بن کے دجنوں مندوبین نے شرکت کی۔یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق پروگرام میں جمعیت اہل حدیث کے جید اور مقتدر علماء نے شرکاء کو دینی علوم ،اسلامی تربیت، ائمہ اور علماء کی ذمہ داریاں، منہاج سلف کے اصول، اتحاد امت، عربی زبان کی اہمیت، حرمین شریفین امت مسلمہ کا محور، تدوین حدیث کی اہمیت وادوار، مصادر شرعیہ، غلو فی الصالحین، درس حدیث جیسے بنیادی اور اہم موضوعات پر سیر حاصل تبصرہ کیا اور شرکاء کے اذہان کو اپنی علمی بصیرت سے جلاء بخشی۔ شیخ محمد سلیم رشی نے اپنے تجربات اور علمی تفوق سے شرکاء کو بہرہ ور کیا۔انہوں نے بتایا کہ امت مسلمہ کی وحدت توحید کی بنیادوں پر استوار ہو سکتی ہے۔اور اس کے لیے امت مسلمہ کو قران وسنت کی تعلیمات کو من وعن عملانا ضروری ہے۔اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالوحید الکندی نے تدوین حدیث کے موضوع پر اپنا لیکچر پیش کیااور حدیث کی اہمیت کو اجاگر کیا۔شیخ عبدالرحمان بزلوی نے اتحاد امت پر زور دیا۔اور فرمایا کہ منہاج سلف میں تکفیر کی کوئی جگہ ہے۔انہوں نے فرمایا کہ حالات حاضرہ اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ مسلکی منافرت سے اوپر اٹھ کر قوم وملت کا غمخوار بنیںاور ایک دوسرے کے خیر خواہ بن کر رہیں۔پروگرام میں عبدالغنی تانترے کو مہمان خصوصی کے طور مدعو کیا گیا تھا۔اپنے تاثرات میں انہوں نے کہا کہ مرکز شیخ عبدالقادر جیلانی علمی بانہال کا قیام ایک خوش ایند اور بہترین اقدام ہے۔اور اس کے ذمہ داران کو تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ اس ادارے سے نونہال امت اسلام کی بنیادی تعلیمات سے روشناس ہونگے۔پروگرام کے حوالے سے مہمان خصوصی نے بتایا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہیں اس پروگرام میں شرکت کا موقع فراہم کیا گیا۔انہوں نے تحصیل جمعیت کی کوششوں کو سراہا۔اختتامی تقریب جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر کے نائب صدر مشتاق احمد ویر ی کے زیر صدارت منعقد ہوئی۔مشتاق احمد ویری نے اپنے صدارتی خطبے میں وحدت امت پر زور دیا۔انہوں نے فرمایا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اور امت کو مسلکی اختلافات چھوڑ کر جسد واحد بن کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے شرکاء کو اپنے صدارتی پیغام میں بتایا کہ اسلام دین رحمت ہے۔جس کی انسان دوستی، مساوات، امن اور سلامتی کی شاندارتاریخ ہے۔اسلام انسانیت کی بقاء اور سلامتی کا روادار ہے جس میں کشت وخون کی کوئی جگہ نہیں۔جن علماء کرام نے اپنے لیکچر پیش کیے ان میںخورشید احمد مدنی،محمد شمعون مدنی، خلیل احمد مدنی، عبدالقدیر بالی المدنی، نزیر احمد مدنی، عبدالحمید مدنی، حافظ یوسف سلفی،عبداالوحید سلفی، عبدالوحید کشفی شامل ہیں۔عبدالقیوم سراجی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔