سرینگر// پی ڈی ایف سربراہ اور ایم ایل ائے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے مرکزی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کے سلسلے میں سنجیدہ ، ایک غیر مُبہم اور واضح روڑ میپ پیش کریں۔ اُنہوں نے کہا مسئلہ کشمیر پر کسی بھی بات چیت کی عمل میں حقیقی فریقین جن میں حُریت لیدر شِپ اور ہمسایہ مُلک پاکستان بھی شامل ہیں کو بھی شامل کیا جانا ضروری ہے۔ ورنہ صرف بات چیت کا راگ الاپنا ایک مذاق کے سوا کچھ نہیں اور ان مصالحتی وفود کی کشمیر آمد ایک سیر و تفریحی کے سوا کچھ حاصل ہونے والا نہیںہے۔ کرالہ نیوہ خانصاحب میں PDFکارکنوں کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یٰسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوئی Law and order مسئلہ نہیں ہے بلکہ اُسکے کئی باہری اور داخلی مضمرات ہیں جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میںبات چیت کی عمل میں تمام ایرے غیرے کو شامل کرنے سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا بلکہ صرف حقیقی فریقین جن میں حریت اور پاکستان بھی شامل کو حصہ دار بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت سے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا روایتی تنگ نظری اور اکڑ پن کا رویہ ترک کرکے ایک لچکدار طرزِ عمل اپنائیں تاکہ 70سالہ پُرانے مسئلہ کشمیر کے ناسور کو ٹھیک کیا جاسکے۔