جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے جھیری میلے کا افتتاح کیا۔ یہ میلہ ہرسال جموں ضلع کے جھیری گائوں میں بابا جتو کی قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔بابا جتو ایک کسان تھے جنہوں نے پانچ سو برس پہلے ایک جاگیر دار کے خلاف مظاہرہ کرنے کے دوران اپنی جان کی قربانی دی تھی۔گورنرنے باباجتو اور اُن کی بیٹی بوا کوڈی کے استھاپن پرحاضری دینے والے شردھالوں کا خیرمقد م کرتے ہوئے کہا کہ بابا جتو کی قربانی نا انصافی کے خلاف جدو جہد کی ایک مثال ہے۔گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ مرکزی سرکار زرعی سیکٹر کو بڑھاواد ینے کے لئے ایک مؤثر رول ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے سال 2020ء تک کسانوں کی آمدن دوگنا کرنے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں ۔گورنر نے باباجتو کے شردھالوں کے لئے جھیری گائوں میں ایک سرائے تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقعہ پر کلچر اکیڈیمی کی طر ف سے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔اس موقعہ پرگورنر کے صلاح کار خورشید احمدگنائی اور بی بی وِیاس ، ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما ،آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ ،ڈپٹی کمشنر جموں رومیش کمار ، سابق ایم ایل اے بالی بھگت، اجے سدھوترا اور چودھری سکھ نندن سنگھ بھی موجود تھے۔