عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی حکومت قومی راجدھانی دہلی کے مختلف علاقوں میں مندروں اور بدھ مذہب کی عبادت گاہوں کو توڑنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ایک مذہبی کمیٹی قائم کی گئی تھی جو مندروں کی منتقلی یا ان میں توڑ پھوڑ کے معاملات پر فیصلہ کرتی ہے۔ یہ کمیٹی سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تشکیل دی گئی تھی اور دہلی حکومت کے محکمہ داخلہ کے تحت آتی تھی۔پچھلے سال تک، کمیٹی کے فیصلے دہلی کے وزیر داخلہ کو پیش کیے جاتے تھے اور ان کی منظوری کے بعد عمل درآمد کیا جاتا تھا۔ آتشی نے مزید کہا کہ گزشتہ سال دہلی کے ایل جی نے یہ حکم جاری کیا کہ مندروں میں توڑ پھوڑ کا معاملہ نظم و نسق سے متعلق ہے اور یہ مرکز کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ 22نومبر کو ہونے والی کمیٹی کی میٹنگ میں کئی مندروں کو گرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں ویسٹ پٹیل نگر، گوکل پوری، سیمابوری، نیو عثمان پور، سلطان پوری کے امبیڈکر پارک میں موجود ہنومان کی مورتی اور سندر نگری میں بدھ مذہب کا ایک مذہبی مقام شامل ہیں۔آتشی نے کہا کہ ان فیصلوں کے بعد فائل مرکزی حکومت کے نمائندے ایل جی کے پاس بھیجی گئی، جنہوں نے اس کی منظوری دے دی۔