نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونیوالے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں ہندوستان اور فلسطین کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون کے مفاہمت نامے کو منظور ی دے دی گئی۔یہ مفاہمت نامہ ہندوستان کی وزارت زراعت و کسانوں کی بہبود او ر فلسطین کی وزارت زراعت کے درمیان طے پایا ہے ۔ اس مفاہمت نامے پر مئی 2017 میں فلسطین کے وزیر خارجہ کے سفر ہند کے دوران دستخط کئے گئے تھے ۔اس مفاہمت نامے کی رو سے زرعی تحقیق ، فلسطین کی ویٹرینری خدمات میں بہتری او ر مویشیوں کی صحت ، آبپاشی اورتبدیلی ماحولیات کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی اس کی توسیع پودوں اور مٹی کی غذائیت ،صفائی ستھرائی اور پودوں کی حفاظت ، مویشی پروری ،آبپاشی کے جدید طریقوں کے شعبوں میں بھی کی جائی گی۔علاوہ ازیں اس مفاہمت نامے کے تحت تجربات کے باہمی تبادلے اور تربیت اور اہلیت سازی کے امور میں بھی باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے ۔اس مفاہمت نامے کے تحت ایگریکلچرل اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کا مقصد اس مفاہمت نامے میں شامل مقاصد کی کامیابی کے منصوبوں اور اقدامات کا تعین کرنا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی اس کے تحت باہمی تعاون کا ایجنڈہ بھی طے کیا جائے گا۔یو این آئی۔