سرینگر//وزیر خزانہ ، محنت و روزگار ڈاکٹر حسیب اے درابو نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت ریاست اور مرکزی معاونت والی سکیموں کو اکٹھے عملانے کی پالیسی پر غور کر رہی ہے تاکہ انتظامی اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔انہوںنے کہاکہ مرکزی معاونت والی 20اور ریاستی حکومت کی 7سکیموں پر ریاست میں عمل درآمد جاری ہے اور کئی معاملات میں ان سکیموں کی عمل آوری پر بہت زیادہ انتظامی خرچہ آتا ہے ۔وزیر خزانہ اپنے دفتر میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین چودھری، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار کفایت رضوی اور کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار کے علاوہ محکمہ خزانہ کے دیگر افسران موجود تھے۔آئی سی ڈی ایس جیسی مرکزی معاونت والی سکیم کا ذکرکرتے ہوئے ڈاکٹر درابو نے کہا کہ سکیم پر اصلی خرچے عمل آوری کے خرچے کے مقابلے کم ہے ۔انہوںنے کہا کہ جب دو محکموں کو ان سکیموں کی عمل آوری میں اشتراک حاصل ہو ،اس صورت میں بہتر افرادی قوت دستیاب رہے گا اور اس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔