اشتیاق ملک
ڈوڈہ//مرکزی سیرت کمیٹی ڈوڈہ نے خالد نجیب سہروردی کی صدارت ایک اہم اجلاس مرکزی سیرت کمیٹی دفتر جامع مسجد ڈوڈہ میں منعقد کیا تاکہ چناب خطہ خاص طور پر ضلع ڈوڈہ میں بڑھتے ہوئے منشیات کے خطرے سے نمٹا جا سکے۔ اجلاس میں ڈوڈہ کی تمام مساجد کے اماموں، مساجد کمیٹیوں کے صدور اور قصبہ کے معززین نے شرکت کی۔ شرکاء نے منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے خطرے اور فوری حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور اس کی روک تھام کیلئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں، جن میں آگاہی بڑھانے اور کمیونٹی کی شمولیت پر زور دیا گیا۔اجلاس کے دوران جمعہ کے خطبات اور دیگر مذہبی اجتماعات کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے استعمال کرنا، منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینا، انہیں اس نقصان دہ تجارت کو ترک کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ذاتی ملاقاتیں کرنا، پیش رفت کا جائزہ لینے ہر 15 دن بعد ذیلی کمیٹیوں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سیرت کمیٹی نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو سخت اقدامات پر غور کیا جائے گا۔مرکزی سیرت کمیٹی نے نوجوانوں سمیت معاشرے کو منشیات کی لت کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کرنے کا اعادہ کیا۔