بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے ہاتھوں اور اوزاروں سے کام کرنے والے محنت کشوں کیلئے مرکزی اسکیم’وزیر اعظم وشو کرما‘ کے نفاذ اور نگرانی کیلئے یو ٹی اور ضلعی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل کو منظوری دی۔اسکیم میں 18 شعبہ جات میں مصروف کاریگروں اور ہنرمندوں کا احاطہ کیا گیا ہے جس میںترکھان، کشتی بنانے والا، بکتر بنانے والا، لوہار، ہتھوڑا اور ٹول کٹ بنانے والا، تالہ بنانے والا، سنار، کمہار، مجسمہ ساز ، پتھر توڑنے والا، موچی ،جوتے کا کاریگر، گلکار،چٹائی وجھاڑو بنانے والا، کھلونے بنانے والا (روایتی)، حجام، مالا بنانے والا ، دھوبی، درزی اور مچھلیوں پکڑنے کیلئے جھال بنانے والے طبقات شامل ہیں۔یو ٹی سطح کی کمیٹی جموں کشمیر میں اس سکیم کومربوط بنائے گی اور اسکیم کے نفاذ میں سہولت فراہم کرنے والے محکموں اور ایجنسیوں کی فعال شرکت کو یقینی بنائے گی۔کمیٹی استفادہ کنندگان کو ہنر کی تربیت فراہم کرنے میں وزارت فروغ ہنر و انٹرپرائنرشپ کی ایجنسیوں کو سہولت فراہم کرنے کے علاوہ استفادہ کنندگان کو قرضوں کی آسانی سے فراہمی کیلئے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی۔اسکیم کو لاگو کرنے میں مذکورہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق تعاون کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ یو ٹی میں گرام پنچایت اور اربن لوکل باڈیز کی سطح پر بیداری پیدا کرے گی جبکہ نگرانی اور قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتھ تجاویز یا آرا ء کا اشتراک بھی کرے گی۔کمیٹی ہر سہ ماہی میں ایک بار یا ضرورت کے مطابق اسکیم کے تحت تمام آپریشنل اور زمینی سطح پر عمل درآمد کے معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے میٹنگ کرے گی اور اس کی خدمات محکمہ صنعت و تجارت کے ذریعے دی جائیں گی۔13رکنی کمیٹی کی کمان محکمہ صنعت و حرفت کے انتظامی سیکریٹری کو سونپی گئی ہے جبکہ اس کمیٹی میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے انتظامی سیکریٹری یا ان کی جانب سے نامزد نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو، ممبر ہونگے۔کمیٹی میں محکمہ مکانات و شہری ترقی کے انتظامی سیکریٹری اور ،محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتظامی سیکریٹری یا یا انکی جانب سے نامزد نمائندوں جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو کے علاوہ محکمہ فروغ ہنر مشن کے مشن ڈائریکٹر،محکمہ فروغ ہنر کے ڈائریکٹر اور وزارت فروغ ہنر و انٹرپرئنرشپ ڈی ایف او کے جوائنٹ ڈائریکٹرممبران ہونگے۔دیگر ممبران میں محکمہ خزانہ کے کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو،محکمہ منصوبہ بندی ،وزارت ترقی کے نمائندے ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے کم نہ ہو۔ محکمہ فروغ ہنر کے نمائندے جوایڈیشنل سیکریٹری سے کم نہ ہو اور یو ٹی سطح پر ایل بی سی کے کنونیئر کے علاوہ فروغ ہنر و انٹرپرئنر شپ کے ڈائریکٹوریٹ میں تعینات علاقائی ڈائریکٹر سی ایچ روی چلو ممبران ہونگے۔ ویشوا کرماایک مرکزی سیکٹر اسکیم 17 ستمبر 2023 کو وزیر اعظم نے شروع کی تھی تاکہ ان دستکاروں کو مکمل مدد فراہم کی جا سکے جو ہاتھوں اور اوزاروں سے کام کرتے ہیں۔ اسکیم میں دستکاروں اور ہنرمندوں کو پی ایم وشواکرما سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ کے ذریعے پہچان ملے گی جبکہ 5سے7 دن کی بنیادی تربیت اور 15 دن یا اس سے زیادہ کی ایڈوانس ٹریننگ کے علاوہ یومیہ500 روپے کا وظیفہ ملے گا۔ کاریگروں اور ہنر مندوں کو 15000روپے تک کی ٹول کٹ کی ترغیب، بنیادی مہارت کی تربیت کے آغاز پر ای رسیدوں کی شکل میں فراہم کی جائے گی جبکہ3لاکھ روپے تک قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ان قرضوں میں ایک لاکھ روپے کی پہلے قسط18ماہ اور ایک لاکھ روپے کی دوسری قسط30ماہ تک مقرر کردہ 5فیصد رعایتی شرح سودپر ہوگی اور اس کی حد8فیصد تک بڑھائی جاسکتی ہے۔ استفادہ کنندگان جنہوں نے بنیادی تربیت مکمل کی ہوگی وہ ایک لاکھ روپے تک کی کریڈٹ سپورٹ کی پہلی قسط حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ دوسری قسط ان مستفیدین کے لیے دستیاب ہوگی جنہوں نے پہلی قسط حاصل کی ہوگی اور ایک معیاری قرض کھاتہ برقرار رکھا ہوگا اور اپنے کاروبار میں ڈیجیٹل لین دین کو اپنایا ہوگا۔ کاریگروں اور دستکاروں کو مارکیٹنگ سپورٹ کوالٹی سرٹیفیکیشن، برانڈنگ، ای کامرس پلیٹ فارمز پر آن بورڈنگ جیسے GEMاشتہارات اور دیگر مارکیٹنگ سرگرمیوں کی شکل میں فراہم کی جائے گی تاکہ ویلیو چین سے تعلق کو بہتر بنایا جا سکے۔ ضلعی سطح کی کمیٹیاںضلع کی گرام پنچایتوں اور اربن لوکل باڈیز میں ’سی ایس سی‘کے ذریعے مستفیدین کے بغیر کسی رکاوٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں گی۔ضلعی سطح پر کمیٹی کی کمان متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو سونپی گئی ہے جبکہ ضلعی صنعتی مرکز،اسسٹنٹ کمشنر پنچایت،بلدیاتی اداروں کے چیف ایگزیکٹیو افسران،متعلقہ ضلع کے آئی ٹی آئی پرنسپل،وزارت فروغ ہنر کے نامزد نمائندے،لیڈ ضلع منیجر،ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور اس شعبے کے3ماہرین ممبران ہونگے۔
گاندربل میں 348 کیسوں کی منظوری
عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل// ڈپٹی کمشنر گاندربل شیامبیر نے پیر کومنی سکریٹریٹ میں منعقدہ ضلعی سطح کی کمیٹی کی میٹنگ کے دوران پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت 348 معاملات کو منظوری دی۔جنرل منیجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر گاندربل نے 348 کاریگروں کی ایک تازہ ترین فہرست فراہم کی جنہیں دوسرے درجے کی مکمل تصدیق کے بعد ضلع سطح کی کمیٹی میں منظوری دی گئی ۔ڈی سی نے کاریگروں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر اسکیم کے اثر کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔