عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پلوامہ ضلع میں ایک دوشیزہ آزادی، لچک اور تبدیلی کی علامت بن چکی ہے۔ پلوامہ کے آریگام میں ایک معمولی گھرانے میں پیدا ہونے والی انشاء شبیر، آج ایک کاروبار کی مالک بن چکی ہیں اور اپنی ملبوسات کی ایک دکان کا انتظام سنبھالتی ہیں۔ وہ مرکزی حکومت کی دین دیال انتودیا یوجنا نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن کے بہت سے استفادہ کنندگان میں سے ہیں، جو انشا جیسی بہت سی لڑکیوں اور خواتین کو ترقی کے میدان میں آگے بڑھنے کے لئے وسائل مہیا کررہی ہیں۔ جاری وکست بھارت سنکلپ یاترا کے دوران ایک انٹرویو میں انشا نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار 2017 میں دین دیال انتیودیا یوجنا نیشنل رورل لائیولی ہوڈ مشن کے بارے میں سنا اور فوری طور پر اس کیلئے رجسٹریشن کرائی۔ اس اسکیم کو دیہی ترقی کی وزارت نے 2011 میں شروع کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ وہ بچپن سے ہی کپڑے ڈیزائن کرنے اور بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں لیکن ان کی زندگی میں اہم موڑ اس وقت آیا جب انہوں نے ڈی اے وائی، این آر ایل ایم کے تحت مقامی ٹیلرنگ اسکول میں داخلہ لیا۔انسٹی ٹیوٹ میں ڈیزائن کورس مکمل کرنے کے بعد، انشا کو احساس ہوا کہ اس کے دل میں ملبوسات کا اپنا ایک چھوٹا موٹا اسٹور قائم کرنے کی خواہش موجود ہے۔ انہیں پی ایم ای جی پی امید اسکیم کے تحت قرض ملا اور اس کوشش میں بھی ڈی اے وائی، این آر ایل ایم نے مالی مدد فراہم کرکے اس کی مدد کی۔ آخر کار وہ اپنا ملبوسات کا اسٹور قائم کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔