سرینگر/مرکزی سرکار نے بدھ کو جموں کشمیر میں صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کی ہے۔
ریاست میں رواں گورنر راج کی مدت19دسمبر یعنی آج ختم ہورہی ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک نے مرکزی سرکار سے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد آج مرکز نے مذکورہ سفارش کو منظور کرکے صدر سے سفارش کی ہے کہ وہ صدر راج کا نفاذ عمل میں لائیں۔
اب صدر رام ناتھ کووند کی طرف سے باضابطہ صدر راج نافذ کرنے کے سلسلے میں نوٹفکیشن کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ جموں کشمیر میں رواں سال کے ماہ جون میں گورنر راج نافذ کیا گیا تھا جب محبوبہ مفتی کی سربراہی والی سرکار سے بھاجپا نے اپنی حمایت واپس لی۔
تب سے ریاست پر گورنر راج نافذ ہے جس کی مدت( چھ ماہ) آج ختم ہونے والی ہے۔
ریاستی آئین کے مطابق جموں کشمیر پر گورنر راج کا نفاذ محض چھ ماہ تک رہ سکتا ہے۔ اس کے بعد صدر راج کا نفاذ عمل میں آتا ہے جس کے دوران انتخابات کا انعقاد ضروری ہوتا ہے تاہم الیکشن کمیشن اگر مناسب سمجھے تو وہ انتخابات کو مزید کچھ مدت تک ملتوی کرکے اگلے چھ ماہ تک بھی صدر راج کی سفارش کرسکتا ہے