سرینگر// مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیو گوبا نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان کو ہدایات دیں کہ وہ مقامی نوجوانوں کو ترقیاتی سرگرمیوں میں حصہ دار بنائیں تاکہ انہیں بندوق سے دور رکھا جاسکے۔انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کو ملی ٹینسی مخالف کارروائیوں کے دوران آپسی تال میل بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے۔وادی وارد ہونے کے فوراً بعد داخلہ سیکریٹری نے ایس کے آئی سی سی میں اعلیٰ سطحی میٹنگ ، جس میںفوج کی پندرہویں کور کے کمانڈر، ڈائریکٹر جنرل پولیس ، ڈی جی سی آر پی ایف ،انسپکٹر جنرل پولیس ایس پی پانی ،ریاستی ومرکزی سطح کی خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے ، میں کہا’’ ہم ترقیاتی کاموں میں مقامی نوجوانوں کی شمولیت کو بھر پور مدد فراہم کریں گے،تاکہ ایسے نوجوانوں کو ملی ٹینسی سے دور رکھا جائے‘‘۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ نوجوانوں کی ملی ٹنٹوں کیساتھ شمولیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ہے،اس پر داخلہ سیکریٹری نے کہا کہ نہ صرف بڑھتی ہوئی ملی ٹینسی کو قابو میں کیا جائے بلکہ نوجوانوں کے لئے انکے بہتر مستقبل کی بھی نشاندہی کی جائے۔داخلہ سیکریٹری کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے میں کلیدی رول ادا کررہا ہے۔سیکورٹی حکام نے راجیوگوباکو جانکاری دی کہ سال2017کے اوائل میں شروع کئے گئے آپریشن آل آئوٹ کے بعدکتنے سرگرم جنگجومارے اورگرفتارکئے گئے اور کتنے مقامی جنگجونوجوان ملی ٹنسی کاراستہ ترک کرکے واپس اپنے گھروں کولوٹ آئے ہیں ۔انہوں نے مرکزی داخلہ سیکریٹری کوبتایاکہ ملی ٹنسی اوراس قسم کی سرگرمیوں کاقلع قمع کرنے کیلئے سبھی سیکورٹی ایجنسیاںمکمل تال میل اورباہمی اشتراک عمل کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔بتایاجاتاہے کہ سیکورٹی حکام نے میٹنگ کے دوران یہ جانکاری فراہم کی کہ سال2017میں 200سے زیادہ سرگرم جنگجوئوں کی ہلاکت کے بعدرواں برس آج تک کتنے جنگجومارے گئے ۔سیکورٹی حکام نے وادی میں امن وقانون کی صورتحال کوبہتربتاتے ہوئے مرکزی ہوم سیکرٹری کوبتایاکہ گزشتہ برس سے جنگجوئوں پرسیکورٹی ایجنسیوں کومکمل غلبہ حاصل ہے جبکہ سنگباری کی سرگرمیوں پربھی قابوپایاگیا۔تاہم مرکزی داخلہ سیکرٹری نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین پختہ تال میل اوراشتراک عمل پرزوردیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں بحالی امن کی کوششوں کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے مرکزاپنی حمایت اورمددجاری رکھے گا۔انہوں نے سیکورٹی حکام کوموسم گرماکے پیش نظرمتحرک رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے ماہ جون میں شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاتراکیلئے پختہ سیکورٹی انتظامات کرنے کوکہاتاکہ یاتریوں کی سلامتی کویقینی بنایاجاسکے ۔