سرینگر// صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملک کے دور اندیش، مخلص اور محب وطن وزیر اعظم شری اٹل بہاری واجپائی کو جنم دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی تندرسی، عمر درازی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے واجپائی جی کے نام پر ووٹ حاصل کئے ہیں اس لئے اُن کو چاہئے کہ وہ موصوف کے آدھرشوں، ہدایات اور اُن کے مشوروں پر عمل کریں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ واجپائی جی ملک کے وزیر خارجہ بھی رہے ہیں اور اُن کی خارجہ پالیسی بھی کامیاب رہی اور بحیثیت وزیر اعظم اُنہوں نے نہ صرف پاکستان کے ساتھ براہ راست بات کی بلکہ کشمیری حریت لیڈران کے ساتھ بھی مذاکرات کی میز پر بیٹھے۔انہوں نے ملک کے ہر طبقہ کے لوگوں کی ترقی، خوشحالی اور خاص کر ہندوستان کے صدیوں کے بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کے اصولوںکی مشعل کو ہمیشہ فیروزاں رکھا۔ چونکہ اُن کا یوم پیدائش آج گڈ گورننس کے طور پر منایا جارہا ہے اس لئے مرکزی حکومت (مودی سرکار) کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے کہ وہ لوگوں کو اچھی حکمرانی بہم پہنچا رہے ہیں یا نہیں۔