کلکتہ//مرکزی حکومت پردارجلنگ سمیت ملک بھر میں آگ بھڑکانے کا الزام عاید کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت سازشوں کی وجہ سے جھکنے والی نہیں ۔مغربی بنگال کے مشرقی مدنی پور کے ساحلی شہر دیگھا میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ مرکزی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے ۔ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کشمیر سے کنیاکماری تک ملک میں آگ بھڑک رہا ہے ۔دارجلنگ میں بھی بی جے پی والے حالات خراب کررکھا ہے ۔مگر دارجلنگ کے مسئلے پر جھکنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ہم سازشوں سے خوف زدہ ہوں گے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ دارجلنگ میں امن قائم کرنے کیلئے ان کی حکومت ہر ممکن کوشش کریں گی ۔امرناتھ یاتریوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے الزام عاید کیا کہ مرکزی حکومت یاتریوں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ امرناتھ یاتری کو گولی سے بھون دیا گیا مگر مرکزی حکومت ان کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔یہ حکومت صرف عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنا جانتی ہے ۔یہ مکمل طور پر ناکام ہیں ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایسی طاقتوں کا بائیکاٹ کریں جو ریاست کے امن وامان اور بھائی چارہ کو نقصان پہنچارہے ہیں اور مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کوئی بنگال میں فرقہ وارانہ فسادات کو بھڑکانے کی کوشش کرے تو آپ ان کو وہیں روک دیں ۔ان سے کہیں بنگال انسانوں کی ریاست ہے ۔ہماری جنگ ان لوگوں کے خلاف ہیں جو بنگال کو مذہب کے نام پر تقسیم کررہے ہیں ۔یواین آئی