سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کہا ہے کہ مسلسل نامساعد حالات ، COVID-19 کی قہر انگیز لہر اور لاک ڈان کے باعث مرکزی جامع مسجد سرینگر ،جو نماز اور عبادات کیلئے ایک طویل عرصے سے بند تھی،میں انجمن اوقاف کے زیر اہتمام صفائی اور ستھرائی کا عمل انجام دیا گیا ۔بیان میںکہا گیا ہے اب جبکہ وائرس کی لہر میں ٹھہرائو آگیا ہے اور جموںوکشمیر کی مرکزی مساجد، خانقاہوں، آستانوں اور امام باڑوں میں باضابطہ نماز جمعہ کا اہتمام کیا جارہا ہے، توقع ہے کہ آئندہ جمعتہ المبارک سے کشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ مرکزی جامع مسجد سرینگر کو بھی نمازیوں اور زائرین کیلئے کھول دیا جائیگا ۔تاہم بیان میں واضح کیا گیا کہ جمعتہ المبارک کی نماز اور پنچ وقتہ نمازوں کیلئے کووڈ ایس او پیز کا پوری طرح سے خیال رکھا جائیگا اور نمازیوں کو اس کا پوری طرح سے پابند بنایا جائیگا۔