سرینگر// مشترکہ مزاحمتی قائدین سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی ہدایت پرمرکزی جامع مسجد سرینگر سے ایک پر امن احتجاجی جلوس نکالاگیا۔جلوس میں شامل مزاحمتی قائدین ،کارکنان اورعام لوگ بھی شامل تھے۔مظاہرین جموںوکشمیر میںانسانی حقوق کی پامالیوں،این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائر کٹوریٹ جیسے تفتیشی اداروں کے تحت کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں ، ’کیسو‘ کے تحت کریک ڈائون ، چھاپوں ، خانہ تلاشیوں اور نہتے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کارروائیوں ، مزاحمتی قیادت کی خانہ و تھانہ نظر بندیوں اور سرینگر شہر کے بیشتر علاقوں کو کرفیو اور بندشوں کی زد میں لانے کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے ۔جلوس میں غلام نبی زکی، محمد رفیق اویسی، شیخ عبدالرشید، مشتاق احمد صوفی، عمر عادل، ظہور احمد بٹ ، ایڈوکیٹ شیخ یاسر، رئوف دلال،یاصف نذیر،بشیر احمد کشمیری،غلام محمد ڈاراور اشرف بن سلام وغیرہ شامل تھے ۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مسئلہ کشمیر کو حل کرو، کشمیریوں کا قتل عام بند کرو،اندھا دھند گرفتاریاں بند کرو، سیاسی قیدیوں کو بلا مشروط رہا کرو،انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرو، اوراین آئی اے ،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اورکیسو کے تحت کارروائیاں بند کروجیسے نعرے درج تھے ۔