نئی دہلی//حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی کے دہلی فلیٹ کو مرکزی انکم ٹیکس محکمہ نے مبینہ طور پر زائد از3کروڑ روپے ٹیکس کی عدم ادائیگی کی پاداش میں سیل کیا ہے۔ دہلی کے مالویہ نگر میں سید علی گیلانی کی اس رہائش گاہ کوسیل کرنے کے احکامات ٹیکس وصولی افسر(ٹی ایس ائو) نے جاری کئے۔مذکورہ افسر نے سید علی گیلانی کے نام نوٹس زیر نمبر TRO/PR.CIT-11/ 2018-10جاری کی، جس میں کہا گیا ہے کہ 1996-97 سے2001-2تک کے ٹیکس احاطے کے دوران3کروڑ62لاکھ62ہزار160 روپے ادا کرنے میں مبینہ طور پر’’ناکام‘‘ ہونے کی پاداش میں ٹیکس ریکوری افسر یہ مکان سیل کر رہا ہے۔ محکمہ نے یہ کارروائی انکم ٹیکس(ٹیکس کی ادائیگی کے پہلے سے طے شدہ اندازے میں تعیناتی) قانون کی دفعہ222کے تحت عمل میں لائی اور انہوں نے گیلانی کو یہ جائیداد منتقل کرنے سے بھی روک لگا دی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ نے گزشتہ ماہ سید علی گیلانی پر17برس قبل ایک کیس میں10ہزار امریکی ڈالر مبینہ طور پر اپنے پاس رکھنے کی پاداش میں فارئن ایکسچینج قانون کے تحت14 لاکھ40ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔