سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام کو دبانے اور پشت بہ دیوار کرنے کیلئے جاری کرفیو، بندشوں،کریک ڈائون اور مظالم کے وسیع سلسلے کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے موجودہ مخلوط حکومت کا آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں جاری بے چینی کو ختم کرنے کیلئے جو طریقہ کار اختیار جارہا ہے وہ قابل تشویش اور قابل افسوس ہے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ گرفتاریوں، دھونس و دبائو کی پالیسی ،چھاپہ مار کاررئیواں اور آبادیوں کا زد کوب کرنے سے اگر ایسا سمجھا جارہا ہے کہ اس سے حالات ٹھیک ہونگے تو یہ اُمید وقتی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی کشمیر کے مسئلے کے ٹھوس حل کے بارے میں بیانات جاری کررہی ہے لیکن عملی طور پر کشمیریوں کو فورسز و فوج کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ جب تک نئی دلی وادی کے حالات کو طاقت کے بلبوتے پر ٹھیک کرنے کی غلطیاں دہراتی رہے گی تب تک یہاں دیر پا امن کی کوئی ضمانت نہیں۔انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکار کی غلط پالیسیوں سے کشمیر اقتصادی طور تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔