سرینگر//شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کا ایک شہری پیر کو موت کے چار روز بعد کورونا مثبت ظاہر ہوا۔
حکام کے مطابق اہتمولہ گاوں کا رہنے والا50سالہ شہری گذشتہ جمعرات کو ضلع اسپتال میں انتقال کرگیا۔
مذکورہ شہری، جو گردوں کے مرض میں مبتلاءتھا، کا نمونہ حاصل کرنے کے بعد اُسے سکمز روانہ کیا گیا تھا جو گذشتہ روز شام دیر گئے مثبت ظاہر ہوا۔
ضلع اسپتال بانڈی پورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر بشیر تیلی کے مطابق وہ اسپتال آنے والے سبھی مریضوں کا کورونا ٹیسٹ کراتے ہیں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔مذکورہ مریض کا بھی نمونہ حاصل کیا گیا تھا جس کا رپورٹ اُس کی موت کے بعد مثبت آگیا۔
ضلع بانڈی پورہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 24تک پہنچ گئی ہے۔ان میں سے13کا تعلق سمبل سے9کا تعلق بانڈی پورہ سے جبکہ 2کا تعلق گریز سے تھا۔