یو این آئی
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 7سے 10اپریل تک پرتگال اور سلوواکیہ کا سرکاری دورہ کریں گی۔وزارت خارجہ نے بدھ کے روز یہاں بتایا کہ مرمو پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا کی دعوت پر 7 سے 8 اپریل تک پرتگال کا دورہ کریں گی۔ یہ دورہ 27 سال کے وقفے کے بعد ہو رہا ہے جو ہندوستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے دوبارہ قیام کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن منانے کے طور پر کیا جارہا ہے۔ آخری بار 1998 میں صدر جمہوریہ کے آر نارائن نے پرتگال کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ دروپدی مرمو مسٹر ڈی سوسا کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گی۔ وہ پرتگالی وزیر اعظم لوئس مونٹی نیگرو اور قومی اسمبلی(پارلیمنٹ)کے اسپیکر جوز پیڈرو ایگوئیر برانکو سے بھی ملاقات کریں گی۔ہندوستان اور پرتگال کے درمیان تاریخی اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات ہیں جو سالوں کے دوران جدید، کثیر جہتی اور متحرک شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں، جس کی خصوصیت تعاون کے کئی شعبوں میں مضبوط ترقی اور توسیع ہے۔ یہ دورہ پرتگال کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔