اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل مرمت کے بہوتہ گاؤں میں آتشزدگی کی پراسرار واردات میں 3 منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے جس میں بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی اعلی الصبح عطیمہ بیگم زوجہ مرحوم محمد یوسف ساکنہ اپر بہوتہ مرمت کے تین منزلہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور کچھ ہی لمحوں میں پورے مکان میں پھیل گئی۔اس دوران مقامی لوگ و پولیس و دیگر رضاکار تنظیموں کے کارکن جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کی تاہم ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق تین منزلہ رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوا ہے۔ علاقہ کے نوجوان سماجی کارکن ارشاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے ایک ہفتہ میں یہ آتشزدگی کا دوسرا حادثہ پیش آیا جس میں بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا ہزاروں نفوس پر مشتمل علاقہ مرمت میں فائر ایمرجنسی سروس اسٹیشن کی عدم دستیابی سے ہر سال آتشزدگی سے بھاری نقصان ہوتا ہےاور ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی کو پہنچنے میں تاخیر ہوتی ہے۔انہوں نے حکومت سے مرمت کے لئے فائر بریگیڈ گاڑی فراہم کرنے کی مانگ کی ہے۔