جموں/فنکار کلچرل آرگنائزیشن اور صوفی میڈیا سروس کی طرف سے یہاں پریس کلب میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مرحوم غلام نبی شاہ ظہور کی تصنیف کردہ کتاب ’ نذرانہ ‘ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ڈاکٹر آر ایل شانت ، ڈاکٹر غلام رسول حسرت گڈا اور اسیر کشتواڑی کے علاوہ کئی دیگر معروف قلمکار اور ادبی شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔اس موقعہ پر قلمکاروں نے سماج کے تئیں مرحوم غلام نبی ظہور کی ادبی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام سے آنے والے نسلوں کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے گی ۔انہوںنے کہا کہ مرحوم نے اپنی کتابوں میں ریاست میں صوفی ازم کی طرف توجہ مرکوز کرتے ہوئے ریاست میں آپسی رواداری اور بھائی چارے کے علاوہ گونا گوں ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا۔ مرحوم کے رول پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر آر ایل شانت اور ڈاکٹر جی آر حسرت گڈا نے کہا کہ مرحوم قلمکار کی وفات پورے سماج کے لئے ایک بڑا نقصا ن ہے تاہم وہ قلمکاروں اور پڑنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ انہوں نے مرحوم کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔