سرینگر// حریت کانفرنس کے سابق سنیئر لیڈرمرحوم خواجہ عبدالغنی لون کی بیٹی اورسابق کمشنر خواجہ سیف الدین لون کی اہلیہ صفیہ لون اتوار کو انتقال کرگئیں۔مرحومہ بلال غنی لون، سجاد غنی لون اور شبنم لون کی بڑی ہمشیرہ تھیں۔مرحومہ کا چہارم26اکتوبر جمعرات کو نزدیک کشمیر ویلی سکول ہمہامہ میں انجام دیا جارہا ہے۔اُن کے انتقال پروزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس سمیت کئی لیڈران نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے پسماندگان اوربلال غنی لون وسجاد غنی لون اور شبنم لون کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔محبوبہ مفتی نے مرحومہ کو ایک نیک سیرت اور کئی صلاحیتوں کی مالک قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نے سجاد لون او ر سوگوار کنبہ کے ساتھ ذاتی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے دُعا کی۔نیشنل کانفرنس نے سابق کمشنر خواجہ سیف الدین لون کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، شمالی زون صدر محمد اکبر لون اور ترجمان جنید عظیم متو نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی اور اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء پارٹی کا ایک وفد صوبائی سکریٹری شوکت احمد میر کی قیادت میں مرحومہ کے گھر گیا اور وہاں تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سجاد غنی لون کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے سماجی بہبود کے وزیر سجاد لون کی ہمشیرہ کی وفات پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔وزیر نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے دُعا کی۔ادھرحریت (ع) کے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خواجہ عبدالغنی لون کی بڑی صاحبزادی اور حریت ایگزیکٹیو کونسل کے سینئر رکن بلال غنی لون کی بڑی ہمشیرہ کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے بلال غنی لون اورغمزدہ خاندان کے دیگر اراکین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ میرواعظ نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی جنت نشینی کے علاوہ لواحقین اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔دریں اثناء حریت (ع)چیئرمین کی ہدایت پر جی این زکی کی قیادت میں ایک وفد نے مرحومہ کے گھر جاکرلواحقین تک میرواعظ کا تعزیتی اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔