سرینگر//حریت(گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت اسرائیلی طرز پر جنگی جرائم کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکر ریاست جموں کشمیر کو کھنڈرات بنانے پر تُلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن بائیکاٹ ایک انتہائی پُرامن اور ایک کارگر سیاسی ہتھیار ہے جسے ہم ریاست جموں کشمیر پر بھارت کے قبضے کے خلاف مؤثر طور پر استعمال کرنے کی پوزیشن میں ہیں، لہٰذا عوامی سطح پر ایک ایسے ماحول کو اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ بھارت کی فوجی طاقت اور مراعات ومفادات کی بارشوں کا عوام پر کوئی بھی اثر محسوس نہیں ہونا چاہیے۔گیلانی نے کہا کہ بانڈی پورہ میں عسکریت پسندوں کیخلاف کیمیائی ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی کارروائی بین الاقوامی جنگی قوانین کا کھلم کھلا انحراف ہے۔ گیلانی نے کہا کہ بھارت نے اپنے افواج کو جدید مہلک ہتھیاروں سے لیس کرتے ہوئے ریاستی عوام کے خلاف ایک باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے جس میں کیمیائی ہتھیاروں کے علاوہ، ڈرون، پیلٹ گن، مرچی گیس وغیرہ ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے نہتے عوام اور بالخصوص نوجوان نسل کو ناکارہ، اپاہج، اندھے اور معزور بنائے جانے سے گریز نہیں کیا جارہا ہے۔ حریت راہنما نے سول آبادی کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام ان مذموم حربوں سے اپنی تحریک حقِ خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوسکتے ۔