لاہو//بق کرکٹر اور بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ مذہب کو سیاست اور دہشت گردی کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو میں نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ عمران خان نے 3 ماہ پہلے جو بیج بویا تھا وہ پودا بن چکا ہے،کرتار پور بارڈر کھلنے سے زیادہ خوشی کوئی نہیں۔ ادھر پاکستان میں کرتارپور کوریڈور کی سنگ بنیاد تقریب میں شامل ہونے کیلئے پنجاب کے شہری ترقیات کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کی قیادت میں ہندستانی وفد منگل کو یہاں پہنچا۔ہندستان میں رہنے والے سکھ عقیدت مندوں کو پاکستان کے کرتارپور صاحب کے درشن کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے بنائے جانے والے کوریڈور کا سنگ بنیاد 28نومبر کو رکھا جانا ہے ۔ ہندستانی حکومت نے گزشتہ ہفتہ ہی اس کوریڈور کی تعمیر کو منظوری دی ہے ۔کرکٹر سے سیاستداں بنے مسٹر سدھو کی قیادت میں کرتارپور صاحب پہنچنے والے ہندستانی نمائندہ وفد میں مسٹر سدھو کے علاوہ فوڈ پروسیسنگ کی وزیر ہرسمرت کور بادل اور شہری رہائش گاہ کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری شامل ہیں۔ ہندستانی وفد واگھا سرحد سے پاکستان میں داخل ہوا جہاں پنجاب رینجر کے حکام ان کا استقبال کیا۔واگھہ سرحد پار کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سدھو نے تقریب کے لئے مدعو کرنے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین مہینے پہلے عمران خان نے جو بیج بویا تھا وہ اب درخت بن چکا ہے اور میں اس کے لئے پاکستان کے وزیراعظم اور حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔مسٹر سدھو نے کہاکہ کرتارپور کوریڈور امن بحالی کا راستہ یقینی بنائے گااور اس کے ذریعہ جو خوشی 60برسوں میں نہیں ملی وہ چھ مہینہ میں آسکتی ہے ۔ اس کوریڈور کی وجہ سے دونوں ممالک کے مابین سرحد یں کھل جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ وہ محبت اور امن کا پیغام لیکر آئے ہیں۔ دونوں ممالک میں بڑی تعداد میں فنکار اور کرکٹر ہیں جو ایک دوسرے کو محبت کرتے ہیں اور ہندستان اور پاکستان کے مابین کرکٹ میچ کھیلے جانے کی ضرورت ہے ۔جیو نیوز کے مطابق سابق کرکٹر مسٹر سدھو نے کہا کہ مذہب کو سیاست کے نظریہ سے نہیں دیکھاجانا چاہئے ۔ وہ بچپن سے ہی عمران خان کے فین رہے ہیں۔کرتارپورکوریڈور کا سنگ بنیاد بدھ کو عمران خان رکھیں گے ۔ اس کوریڈور کے ذریعہ ضلع کے کرتارپور میں گردوارہ صاحب کو ہندستان میں پنجاب کے گرداس پور ضلع میں واقع ڈیرہ بابا نانک سے جوڑا جائے گا۔اس کوریڈور کے بن جانے سے سکھ عقیدت مند بغیر ویزا کے کرتارپور صاحب کے درشن کے لئے جاسکیں گے ۔یواین آئی ۔