سرینگر//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 13ہزار لوگوں پر مشتمل جن سینا کو قائم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے دنیا کے امن پسند لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور مذہبی منافرت پھیلانے والے کے ناپاک منصوبوں کو ناکام کرنے کیلئے اپنا موثر کرادار ادا کرے۔کانپور میں سدھارکر ناتھ مندر کے سربراہ پجاری نے کانپور کے 114سول وارڈوں سے 13ہزار افراد کو تربیت دی ہے جو کشمیر میں پتھرائو کرنے والے لوگوں کے خلاف لڑنے میں فوج کی مدد کریں گے۔ بار ایسوسی ایشن نے ریاسی میں گجر کنبے پر گائو رکھشکوں کے حملے کی بھی مذمت کی ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے 70سالہ گجرفرقے سے تعلق رکھنے والے شخص کی بے قابو بھیڑ کی جانب سے پولیس کی موجودگی میں تھانے کے اندر کی گئی مارپیٹ کی بھی سخت مذمت کی ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ پولیس 70سے بزرگ آدمی کو بچانے کے بجائے گائو رکھشکوں کا منہ دیکھتی رہی ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے پلوامہ اور شوپیاں میں طلبہ کی زبردست مارپیٹ کی بھی مذمت کی ہے جس میں 24طلاب زخمی ہوئے ہیں جن میں 2کی حالت نازک ہوگئی ہے جنہیں علاج و معالجے کیلئے جلد اسپتال پہچایا گیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے مسرت عالم بٹ کو دوبارہ گرفتار کئے جانے کی بھی مذمت کی ہے۔ بار نے کہا ہے کہ 46فرضی کیسوں میں ضمانت اور ایف آئی آر میںضمانت ملنے کے بائوجود بھی انہیں رہا نہیں کیا جارہا ہے بلکہ فرضی کیسوں میں پھنسانے کے بائوجود بھی ضمانت ملنے پر انہیں رہا نہیں کیا جارہا ہے۔