عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈاک بنگلہ راجوری میں اسلامی ویلفیئر آرگنائزیشن کی قیادت میں مختلف مسلم تنظیموں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں حال ہی میں جموں کے بٹھنڈی علاقے میں راجوری کے کنٹریکٹر امیر فاروق لون پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی۔پریس کانفرنس میں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ایک حاملہ خاتون کی طبی غفلت کے باعث موت پر بھی گہرے تشویش کا اظہار کیا گیا۔یہ پریس کانفرنس مختلف مذہبی اور سماجی اداروں کے تعاون سے منعقد کی گئی، جن میں تحریک علماء اہل سنت، انجمن اہل سنت، تحریک غلامان مصطفی، تحریک غلامان گاؤس، میلاد کمیٹی راجوری اور انجمن تاجران شامل تھیں۔مذہبی رہنماؤں اور تنظیموں کے نمائندوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بٹھنڈی میں امیر فاروق لون پر ہونے والا حملہ ایک بہیمانہ فعل ہے، جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس حملے کی فوری اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ امیر فاروق لون اور ان کے خاندان کو انصاف مل سکے۔اس کے علاوہ، انہوں نے جموں صوبے میں بڑھتے ہوئے جرائم کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکامی دکھائی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مذہبی رہنماؤں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں 28 سالہ کرنہ دیوی کی موت پر بھی دکھ کا اظہار کیا، جو گزشتہ روز طبی غفلت کے باعث جاں بحق ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال اور صحت کی خدمات میں مسلسل خرابی کی شکایات آ رہی ہیں، مگر افسوس کہ متعلقہ انتظامیہ اور حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی‘‘۔