سری نگر// صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے جمعے کو ڈلگیٹ علاقے میں واقع وادی کے قدیم ترین گرجا گھر سینٹ لوکس چرچ کا دورہ کرکے وہاں جاری تجدید کاری کام کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو 125 سال پرانے اور تاریخی چرچ کا ای افتتاح کرکے اس کو دوبارہ لوگوں کے لئے کھول دیا۔ مسٹر پولے نے میڈیا کو بتایا کہ وادی میں مسیحی برادری کی آبادی زیادہ سے زیادہ پانچ سو ہے لیکن یہاں کی دوسری برادریوں کے لوگوں خواہ وہ مسلم ہیں یا پنڈت نے ان کی عبادت گاہوں کو ٹھیک کرنے کے لئے بڑا رول ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہمیشہ بھائی چارے اور مذہبی رواداری رہی ہے جس کو یہاں کشمیریت کہتے ہیں اور اس چرچ کا بحال ہونا اسی کا نتیجہ ہے ۔ صوبائی کمشنر نے وادی کشمیر کے لوگوں کو بالعموم اور مسیحی برادری سے وابستہ لوگوں کو بالخصوص کرسمس تہوار کے موقعہ پر مبارک باد پیش کی۔قابل ذکر ہے کہ قریب ایک صدی قدیم اس چرچ میں کرسمس کے تہوار کے موقعے پر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا تھا اور کشمیر میں ملی ٹنسی شروع ہونے سے قبل مسیحی برادری سے وابستہ لوگ روازنہ اس میں حاضر ہوا کرتے تھے ۔لیکن بعد میں یہ چرچ طویل مدت تک بند رہا جس کی وجہ سے کا ڈھانچہ بوسیدہ ہونے لگا۔