سرینگر//ہند وپاک کے درمیان دوستی کو خطے میں قیام امن کی واحد ضمانت قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل سے ہی مسئلہ کشمیر حل ہوگا۔ نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ ممبر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہند پاک مذاکراتی عمل کی وکالت کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کو مشورہ دیا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں سود مند ثابت اور ثمر آوار کوششیں کی جانی چاہیں،اور برصغیر جنوبی ایشائی خطے بالخصوص جموں کشمیر میں امن لوٹ آنے کی واحد ضمانت بھی مذاکراتی عمل میں ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرحدوں پر جاری تنائو اور کشیدگی کے ماحول کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آر پار فائرنگ کی وجہ سے دونوں ملکوں کے افواج اور عام شہریوں کی قیمتی جانوں کا ذیان بھی ہوتا ہے،جبکہ مال و جائیداد کو بھی نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کب تک سرحدی محافظوں اور عام شہریوں کاخون بہتا رہے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم ہند سے اپیل کی کہ وہ سابق وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجپائی کے اصولوں پر گامزن ہوکر پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کریں،اور واجپائی کے ہی اصولوں’’ دوستوں کو بدلا جاسکتا ہے،ہمسایوں کو نہیں‘‘ کا موقف اپنائیں۔ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے ہند پاک کے سربراہاں مملکت سے اپیل کی کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کر کے تمام اختلافات کو یک طرف رکھ کر امن مذاکراتی عمل شروع کریں۔