سرینگر//فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک حقیقت ہے اور حقائق سے ا آنکھیں چرانا نہی لوگوں کا شیوہ ہے جن کا موقف کمزور ہو اور جن کے پاس کوئی دلیل نہ ہو ۔انھوں نے بھارتی حکمرانوں کو مذاکرات سے بھاگنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر پر ان کے ناجائز قبضے کا کوئی جواز نہیں ۔جمعہ کو جاری بیان میں انھوں نے بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی کے اس بیان کی شدید تنقید کی جس میں انھوں نے جموں و کشمیر کے سلسلے میںمذاحمتی حلقے کے ساتھ بات چیت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حالات سے نپٹنے کے لئے فوجیوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔شبیر احمد شاہ نے مذاکرات کے سلسلے میں وزیر دفاع کے بیان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مذاکرات بھیک نہیں مانگی ہے اور نہ ہی دو طرفہ بات چیت مزاحمتی قیادت کے ایجنڈا میں شامل ہے ۔انھوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ریاستی عوام حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرادادیں اور سہ فریقی بات چیت ہی ہمارے لئے اوپشن اور ترجیحات میں شامل ہے ۔شبیر احمد شاہ نے مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کو ایک حتمی ذریعہ بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ اس مسئلہ کو ملٹری مائٹ اوزوروجبر سے حل کرنے کی روش اختیار کی ہے لیکن ریاستی عوام نے فوجی طاقت کے آگے سرنگوں ہونے کے بجائے جس پامردی اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے اور کررہے ہیں وہ اب تاریخ کا ایک انمٹ باب ہے ۔شبیر احمد شاہ نے بھارتی میڈیا سے وابستہ چند ایک چینلز کے جانبدارنہ رول کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ان چینلز کے منتظمین نے عملاََ بھارت کی بھاگ ڈور سنبھال لی ہے اور جھوٹ اور کذب بیانی ان کا اوڑنا بچھونا ہے ۔