مذاکرات کیلئے ماحول ساز گار ہو

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر// حریت (گ) کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت چیئرمین سید علی گیلانی منعقد ہوا ۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال پر سیر حاصل بحث کرتے ہوئے کہا گیا کہ حریت کانفرنس روزِ اول سے ہی مذاکرات کے عمل کا خیرمقدم کرتی آئی ہے، تاہم ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ مذاکرات کے لئے سازگار ماحول ہو، جس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ جب این آئی اے (NIA)کے نام پر سیاسی قیادت کی شبیہ بگاڑی جارہی ہو، سالہاسال سے جیلوں میں نوجوانوں اور قائدین کو سڑایا جارہا ہو، ہر جگہ کشمیری نہتے لوگوں کا لہو بہایا جارہا ہو، ٹی وی چینلوں پر کشمیری عوام کی تذلیل کی جارہی ہو ایسے ماحول میں کیسے کوئی مذاکراتی عمل نتیجہ خیز ثابت ہوسکتا ہے۔ گیلانی  نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم نے مذاکرات کے عمل سے کبھی فرار کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ ہمارے پاس وہ ٹائلینٹ موجود ہے جو کسی بھی سطح پر کہیں بھی قومی وقار کا تحفظ رکھتے ہوئے مذاکرات کے عمل میں شریک ہوسکتا ہے، تاہم ہمارا یہ ماننا ہے کہ سہ فریقی مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں۔ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے منقسم جموں کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کا فیصلہ کرنا ہے، تاکہ برصغیر امن کا گہوارہ بن سکے۔ اجلاس میں حالیہ گرفتاریوں بالخصوص حریت ترجمان غلام احمد گلزار کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ان حربوں اور گرفتاریوں سے حریت قائدین اور کارکنان کے عزائم کو توڑا نہیں جاسکتا۔  
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *