اسلام آباد//پاکستانی صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ کہ ہم پوری دنیا خاص طورپراپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں لیکن بھارت کا غیر ذمہ دارانہ طرزعمل اور اس کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کے واقعات نے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ مزاکرات کے لئے تیار ہیں اور چاہتے ہیں کہ تقسیم بر صغیر کے نامکمل ایجنڈے یعنی کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ بھارت نے خطے کا امن برباد کر دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا بہت ضروری ہے جب کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے لیے اخلاقی ، سفارتی،سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور آپریشن ردالفساد سے فتنے کا سرہمیشہ کیلئے کچل دیا جائے گا۔پریڈ ایوینیو گراونڈ اسلام آباد میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا کہ بر صغیر کے مسلمانوں کو قائد اعظم کی دور اندیش قیادت نے ایک ایسی قوت عطا کردی جس کی جمہوری جدو جہد کے نتیجے میں دنیا کی تاریخ و جغرافیہ دونوں ہی تبدیل ہوگئے۔ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چند برسوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرپیکارہے اوراس جنگ میں ہماری افواج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین کام کیا،، آج پاکستان کا دفاع مضبوط اورنا قابل تسخیر ہے، ہماری روایتی اور ایٹمی طاقت کا مقصد عالمی اور علاقائی امن کو یقنی بنانا ہے۔انکا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، پاکستان مضبوط اقتصادی حیثیت سے ابھر رہا ہے، ترقی کے اس سفر میں ہمیں اپنے پر خلوص دوستوں اور برادر ممالک کا بھر پور تعاون حاصل ہے جن میں چین کا مخلصانہ کردار قابل ذکر ہے، اقتصادی راہداری منصوبے میں دونوں ممالک کی شراکت داری نے پورے خطے کی ترقی کا دروازہ کھول دیا ہے۔