سرینگر//سرینگر کے تاریخی شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں 26جنوری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں مال، حج اور اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ترنگا لہراکر مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب پر تقریر کرتے ہوئے عبدالرحمان ویری نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار تمام سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ لوگوں نے اب اچھی طرح سمجھ لیا ہے کہ تشدد تباہی لاتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ سرکار کے وجود میں آنے کا مقصد بات چیت کی عمل کے ذریعے تشدد اور غیر یقینیت سے لوگوںکو باہر نکالنا ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شروع سے ہی بات چیت اور مفاہمت کے جذبات کا اظہار کیا ہے جس کا مرکزی سرکار نے خیر مقدم کر کے ایک نمائندے کو منتخب کر کے مختلف طبقہائے فکر کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کیا۔ وزیرنے مزید کہا کہ ہم پُر امید ہے کہ ریاست کے مختلف خیالات رکھنے والے لوگ بات چیت کے عمل میں حصہ لیں گے اور ریاست کو مشکلات سے باہر نکالنے میں مدد دیں گے ۔سرحدوں پر تنائو کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے کہاکہ سرحدوں کو دو ملکوں کے اچھے تعلقات کی بدولت پُر امن بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن کاماحول ریاست میں بے روزگار اور غربت کاخاتمہ کرنے میں ضروری ہے ۔آج کے دِن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے آپسی بھائی چارہ اوریگانگت بنیادی اورلازمی جُز ہیں۔ وزیرنے کہا کہ وزیرا علیٰ نے دس ہزار نوجوانوں کے حق میں عام معافی کا اعلان کیا جو 2008ء سے 2017ء تک مختلف کیسوں میںملوث تھے۔وزیر نے کہا کہ سپر سی ایم ففٹی کوچنگ بچوں کو فراہم کی گئی تاکہ وہ این آئی آئی ٹی ، آئی آئی ٹی ، آئی اے ایس اور کے اے ایس کے امتحانات میں شامل ہوسکیں۔انہوںنے کہا کہ ایف آئی ایف اے کے طرز پر بخشی سٹیڈیم میں کھیل کودکا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جارہا ہے اور اس کے علاوہ وادی کے تمام اضلاع میں انڈور سٹیڈیم 48کروڑ روپے کی لاگت سے وزیر اعظم تعمیر نو پروگرام کے تحت تعمیر کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ کی شکایتی سیل کا ذکر کرتے ہوئے ویری نے کہا کہ5025 رجسٹرشدہ شکایتوں میں سے 4939 شکایتوں کا ازالہ کیا گیا۔اس کے علاوہ 60,000کیجو ل و دیگر زمروں کے ورکروں کو مستقل ملازمت فراہم کی گئی۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور اے ڈی جی منیر احمد خان نے گونگے اور بہرے طلاب کو پانچ ہزار روپے کے انعام سے نوازا جنہوں نے اس موقعہ پر حوصلہ افز ا کارکردگی کا مظاہر ہ لیا۔
ایٹ ہوم کی میزبانی کی
سرینگر// مال ، حج و اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری نے 26جنوری کے سلسلے میں ایس کے آئی سی سی میں ایٹ ہوم کی میزبانی کی۔ امور نوجوان اور کھیل کود کے وزیر عمرا ن رضا انصاری ، زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ ، ایم ایل سی سریندر امباردار ، اے ڈی جی پی کشمیر منیر احمد خان ،ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، آئی جی افہاد المجتبیٰ ،ڈی سی سرینگر ،انتظامیہ، پولیس اورفوج کے دیگر عہدیداروں اورمعزز شہریوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔